کراچی کی دلکش اور جاذب نظر دیوار

شہر قائد میں سڑک اور فٹ پاتھ کے ساتھ واقع دیواروں پر موقع ملتے ہی مختلف کاروبار کرنے والے یا سیاسی و مذہبی جماعتیں چاکنگ کردیتی ہیں اور اگر ایسا نہ بھی ہو تو ان پر پان یا گٹکے کی پیک واضح نظر آتی ہے۔

سارے کراچی میں شاید ہی ایسی کوئی دیوار ہو جو کاروباری لوگوں سے محفوظ رہی ہو، مختلف سماجی اور فلاحی تنظیموں اور سندھ حکومت کی طرف سے ان پر ہونے والی وال چاکنگ کو ختم کرنے کی کاوشیں بھی کی جاتی ہیں۔

سرکار کی طرف سے ہو یا کسی نجی تنظیم یا ادارے کی طرف سے ، وال چاکنگ ختم ہونے کے بعد وہاں چند ہی عرصے بعد آپ کو پھر پتلے پن کو دور کرنے، محبوب آپ کے قدموں میں، ڈرائیونگ سیکھیں وغیرہ کے واضح الفاظ درج نظر آئیں گے۔

سخت اقدامات کے باوجود بھی رات کے پہر اگر کوئی دیوار بچی بھی ہو تو وہاں پر بڑے بڑے پمفلٹ چسپاں کردیے جاتے ہیں۔

وزیر بلدیات سندھ اور میئر کراچی کی ہدایت پر کراچی کے علاقے میں قائم قدیم چڑیا گھر کی مرمت کی گئی اور اطراف میں قائم ناجائز تجاوزات بھی ختم کی گئیں۔

گارڈن (چڑیا گھر) کی دیوار پر ایسی متاثر کن پینٹنگز بنائی گئی ہیں جو گزرنے والوں کو بہت اچھا احساس دیتی ہیں۔

فیس بک کے مشہور گروپ حالات اپ ڈیٹس پر عباس علی عمران نامی صارف نے گارڈن کی دیوار کی دو تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں۔

سندھ اور بلدیاتی حکومت کے مثبت اقدامات کو گارڈن کے اطراف میں رہنے والوں نے بہت زیادہ سراہا اور آپ بھی جب یہاں سے گزریں گے تو جاذب نظر پینٹنگز دیکھ کر حکومتی اقدامات کی تعریف کیے بغیر نہیں رہ سکیں گے۔

پوسٹ کا لنک: https://bit.ly/2OJPko2

مذکورہ دیوارگارڈن کے دو نمبر گیٹ ، آغا خان جیم خانہ کے پاس ہے جہاں سے سیدھے ہاتھ کا راستہ پولیس ہیڈ کوارٹرز اور الٹے ہاتھ کا سولجر بازار کی طرف جاتا ہے۔