اسلام آباد: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم انشاء اللہ فائنل تک ضرور رسائی حاصل کرے گی، شعیب ملک جیسے سینئر کھلاڑیوں کا ٹیم میں رہنا بہت ضروری ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے میچز میں بھارتی فوج نے جو فوجی کیپ پہنی اُس میں کوئی مسئلہ نہیں، میں سمجھتا ہوں کہ کوئی بھی ٹیم فوجی کیپ پہن سکتی ہے۔
سرفراز احمد کا ورلڈ کپ اسکواڈ کے انتخاب کے حوالے سے کہنا تھا کہ کارکردگی دکھانے والے تمام کھلاڑیوں کو منتخب کیا جائے گا، اس ضمن میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت اور رائے لی جائے گی۔ سرفراز کا کہنا تھا کہ دیگر کپتانوں کی طرح میرا بھی خواب ہے کہ اپنے ملک کے لیے ورلڈکپ جیتوں اور ٹیم کو فاتح بناؤ اس حوالے سے بھرپور کوشش کریں گے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، بھارت جیسی ابھرتی ہوئی ٹیموں کا کامیابی سے سامنا کرے گی اور فائنل ضرور کھیلے گی۔ ایک سوال کے جواب میں سرفراز احمد نے کہا کہ ورلڈکپ کے دوران کسی بھی کھلاڑی کے زخمی ہو جانے کی صورت میں اس کا متبادل موجود ہو گا، امید ہے امام الحق اور فخر زمان ورلڈ کپ میں بطور اوپنر اچھی کارکردگی کا مظاہر کریں گے۔
https://zaraye.com/shoaib-malik-world-cup/
باؤلرز کی بات کرتے ہوئے سرفراز کا کہنا تھا کہ حسن علی نے پی ایس ایل میں بہترین کارکردگی دکھائی،اسی طرح محمد عامر اچھے فاسٹ باؤلر ضرور ہیں مگر انہیں کامیابی نہیں مل رہی جس کی بہت سی وجوہات ہوسکتی ہیں۔ نوجوان فاسٹ باؤلر محمد حسنین کو بھی کپتان نے اچھا اور بہترین قرار دیتے ہوئے مشورہ دیا کہ انہیں اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کی ضرورت ہے، رفتار کے ساتھ لائن اور لینتھ پر توجہ ہوگی تو مستقبل میں اُن کی پہچان اچھے باؤلر کی طرح ہوگی۔
شعیب ملک کے حوالے سے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ شعیب ملک سینئر ترین کھلاڑی ہیں، ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کو اُن کی ضرورت ہے۔ سرفراز کا مزید کہنا تھا کہ قومی کرکٹ کے کپتان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کے لیے ایک لیگ اسپنر اور ایک آف اسپنر کا انتخاب بھی کیا جائے گا۔
