لاہور: قومی احتساب بیورو نے شامل ہونے والی مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کے معاملے کی تحقیقات بند کردیں۔
نیب ذرائع کے مطابق فردوس عاشق اعوان کے کابینہ میں شامل ہوتے ہی بڑا فیصلہ آگیا اور اُن کے خلاف قومی احتساب بیورو میں جاری تحقیقات کو روک دیا گیا۔ فردوس عاشق اعوان کے خلاف نیب کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کے حوالے سے درخواست موصول ہوئی تھی جس پر نیب لاہور نے ایل ڈی اے سے فردوس عاشق اعوان کا ریکارڈ طلب کیا تھا۔
نیب کے ریکارڈ طلب کرنے پر لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے مطلوبہ ریکارڈ فراہم کرنے کے لیے مزید دستاویزات مانگی تھیں جس پر نیب نے ناکافی شواہد کی بنیاد پر کیس بند کر دیا۔
دوسری جانب فردوس عاشق اعوان نے اپنے اوپر تنقید کرنے والوں اور بالخصوص خواتین کو ایک بار پھر جواب دے کر کہا ہے کہ ’میں کسی کے بیڈ روم یا ڈرائینگ روم سے اٹھ کر نہیں آئی، پی پی نے اگر وزارت دی تھی تو کوئی احسان نہیں کیا تھا کیونکہ عوام نے مجھے 46 ہزار ووٹ دے کر کامیاب کیا تھا جبکہ حالیہ انتخابات میں بھی 75 ہزار سے زائد ووٹ ملے مگر ہار جیت سیاست کا حصہ ہے۔
