جنرل بلال اکبر کو اپنا محسن سمجھتا ہوں، علی زیدی کا دو ٹوک مؤقف

کراچی: وفاقی وزیر برائے بحری امور اور تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی نے کہا ہے کہ جنرل بلال اکبر کو میں اپنا محسن سمجھتا ہوں اور کراچی والوں کو بھی انہیں اپنا محسن سمجھنا چاہیے۔

نیوز ون کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے علی زیدی نے بتایا کہ کراچی سے پہلی بار تحریک انصاف نے اس سطح پر بلدیاتی انتخاب لڑا کہ ہمارے 950 امیدواروں نے مختلف نشستوں سے حصہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی کی سیاسی تاریخ میں اس سے پہلے کبھی اتنی بڑی تعداد میں تحریک انصاف کے امیدوار انتخابی میدان میں نہیں آئے تھے جس کی وجوہات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں البتہ کراچی آپریشن سے صورتحال بہت بہتر ہوئی۔

’’کراچی کے جو حالات صاف ہوئے اُس میں سے میرے نزدیک سابق ڈی جی رینجرز نے اہم کردار ادا کیا، کراچی والوں کو انہیں احسان مند سمجھنا چاہیے، میں تو انہیں اپنا محسن سمجھتا ہوں، انہوں نے بہترین حکمتِ عملی کے ساتھ کراچی آپریشن کیا اور سب کا صفایا کیا‘‘۔

’’جنرل بلال اکبر نے بطور ڈی جی رینجرز پہلے طالبان کا خاتمہ کیا پھر لیاری گینگ وار اور پھر ایم کیو ایم کا صفایا کیا، یہ کسی اور چیز کا جھگڑا تھا اور ان دونوں کی لڑائی باہر تھی، پھر آپسی لڑائی میں حکومت والے فریق کو صاف کیا‘‘۔