اسلام آباد: ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی امین الحق نے ایوان میں صحافیوں کے مسائل اجاگر کر کے میڈیا کارکنان کے دل جیت لیے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپنی تقریر کے آغاز پر امین الحق نے کہا کہ شدید گرمی کے باوجود صحافی اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، اُن کے ساتھ پیش آنے والے مسائل پر ہمیں مل کر آواز اٹھانی چاہیے۔
دوسری جانب صحافتی تنظیموں اور صحافیوں نے قومی اسمبلی کے فلور پر صحافیوں کے مسائل اٹھانے پر امین الحق کو خڑاج تحسین پیش کی اور کہا کہ اس مشکل گھڑی میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی، تنخواہوں میں کٹوتی اشتہارات کی مد میں رقم ادائیگی کو مشروط کرنے پر بھی مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
اپنے ایک بیان میں کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے صدر طارق ابوالحسن اور جنرل سیکریٹری محمد عارف خان نے رکن قومی اسمبلی امین الحق کو خراج تحسین پیش کر تے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ دیگر سیاسی جماعتیں بھی ان کے موقف کی حمایت کریں گی اور قومی اسمبلی میں اس معاملے پر بحث کے لئے باقاعدہ وقت مقرر کیا جائے گا۔
کے یو جے دستور کے رہنماوں کا کہنا تھا کہ تنخواہوں کی کئی کئی ماہ سے عدم ادائیگی ، جبری بر طرفی اور تنخواہوں میں بلا جواز کٹوتی نے صحافیوں کو شدید مشکلات میں مبتلا کر دیا، رمضان المبارک اور عید کے موقع پر بھی تنخواہوں کی عدم ادائیگی سے میڈیا انڈسٹری سے جڑے کارکن بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں ، رہنماوں نے امید ظاہر کی کہ قومی اسمبلی اور دیگر منتخب ایوانوں میں سیاسی رہنماوں اور منتخب نمائیندوں کی جانب سے صحافیوں کے حقوق اور انکے مسائل کے حوالے سے آواز بلند ہونے سے عامل صحافیوں اور میڈیا انڈسٹری سے جڑے کارکنوں کے مسائل حل ہوں گے،
