کراچی:ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے ایک روز قبل گرفتار ہونے والے ملزم کی نشاندہی پر ڈیفنس میں چھاپہ مار کر نجی ٹریول ایجنسی اور موبائل شاپ کے دفاتر سیل کرتے ہوئے تین افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق کاروائی ایف بی آر اور پی ٹی اے کی ہدایت پر کی گئی، ملزمان مسافروں کا حساس ریکارڈ حاصل کرکے غیر قانونی موبائل ڈیوائس رجسٹرڈ کراتے تھے، گروہ موبائل رجسٹرڈ کرکے بلیک مارکیٹ میں فروخت کرتا تھا۔
حکام کے مطابق پی ٹی اے نے1328افراد کی لسٹ فراہم کی تھی جن کے ڈیٹا کا غیر قانونی طور پر موبائل کھولنے کے لیے استعمال ہوا، چھاپے کے دوران دفاتر سے ملنے والے لیپ ٹاپ اور سامان سے کئی شہریوں کا ریکارڈ حاصل کرلیا گیا، جس میں 3ہزار مسافروں کا ڈیٹا سمیت کئی اہم شخصیات کی تفصیلات موجود ہیں۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق اس کیس میں کے مرکزی کردار عبدالواحد کا بھانجا علی رضا گرفتار ہے، ای این اے ٹریول کے مالک شہریوں کے پاسپورٹ کا ڈیٹا موبائل شاپ کو فروخت کرتا تھا، ہر پاسپورٹ نمبر کمیشن ملتا تھا، ملزمان کے قبضے سے پاسپورٹ ،ای میل آئی ڈی اور اہم شخصیات کا بھی ڈیٹا ملا جبکہ 100سے زائد موبائل فونز قبضے میں لے لئے گئے ہیں۔
