اسلام آباد: :اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کا معاملہ،پی ٹی آئی نے چیف الیکشن کمشنر کیخلاف دائر توہین عدالت کی درخواست واپس لے لی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی نے وفاقی دارالحکومت میں الیکشن نہ کرانے پر چیف الیکشن کمشنر کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی جس پر رجسٹرار آفس نے آئینی ادارے کے سربراہ کیخلاف توہین عدالت سے متعلق اعتراض اٹھایا،رجسٹرار آفس کے اعتراض کے بعد اب پی ٹی آئی نے رجسٹرار آفس سے توہین عدالت کی درخواست ہی واپس لے لی ہے۔
پی ٹی آئی نے عدالتی حکم پر 31 دسمبر کو الیکشن نہ کرانے پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی،چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی۔تحریک انصاف کے رہنما علی نواز اعوان نے توہین عدالت کی درخواست میں مؤقف اپنایا کہ اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کرانے سے متعلق عدالتی فیصلے پر عملدرآمد نہیں کیا گیا،درخواست میں استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
