2 روز میں آٹا 95 روپے کلو فروخت ہوگا، شرجیل میمن

کراچی: سندھ میں فلور ملز کا گندم کوٹہ بڑھادیا گیا، سندھ حکومت کی طرف سے 11 سو پوائنٹس پر آٹا 65 روپے کلو کے ساتھ عام دکانوں پر 95 روپے فی کلو دستیاب ہوگا، میرپورخاص میں واقعہ پر شدید دکھ ہوا، آٹا خریداری کے دوران جاں بحق شخص کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے امداد دیں گے۔

یہ بات وزیر اطلاعات شرجیل میمن، وزیر خوراک مکیش کمار چاولہ نے آل پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے رہنماوں کے ساتھ پریس کانفرنس میں کہی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک بھر میں آٹے کا بحران ہے، نرخ اوپر گئے ہیں لیکن سندھ واحد صوبہ ہے، جہاں عوام کو 65 روپے کلو آٹا فراہم کیا جارہا ہے، مختلف مقامات پر سستے آٹے کی فراہمی کیلئے یومیہ 460 ٹرک متعین ہیں، صوبے میں یومیہ 10 کلو گرام کے 6 لاکھ تھیلے رعایتی نرخوں پر فراہم کئے جارہے ہیں، جس پر حکومت اربوں روپے سبسڈی دے رہی ہے، قیادت نے وزیر خوراک کو ہدایت کی ہے کہ سرکاری اسٹالز سمیت اوپن مارکیٹ میں بھی آٹے کی قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے، اس سلسلے میں فلور ملز کا کوٹہ بڑھادیا گیا، 2 روز میں آٹا 150 کی بجائے 95 روپے کلو پر دستیاب ہوگا، سندھ حکومت کے پاس گندم کا وافر ذخیرہ موجود ہے، وزیراعلیٰ نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت دی ہے، شرجیل میمن نے کہا کہ آئندہ سیزن کیلئے 4000 روپے فی من گندم کی قیمت مقرر کی، جس کی دوسرے صوبے بھی تعریف کررہے ہیں، آٹا سب سے مہنگا پختونخوا میں 160 روپے فی کلو فروخت ہورہا ہے، جہاں پی ٹی آئی کی حکومت ہے۔

اس موقع پر وزیر خوراک نے کہا کہ فلور ملز ایسوسی ایشن کے تعاون سے اوپن مارکیٹ میں آٹے کے نرخ کو 95 روپے فی کلو پر لائیں گے، کل رات گندم لیکر جہاز کراچی پہنچ چکا، ایک اور جہاز گوادر پورٹ پہنچ رہا ہے، مکیش کمار نے کہا کہ میرپور خاص میں آٹا خریداری کے دوران افسوسناک ناک واقعہ پیش آیا، جاں بحق شخص کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے امداد دیں گے۔

فلورملز ایسوسی ایشن کے نمائندے چوہدری یوسف نے کہا کہ فلور ملز کو اضافی کوٹہ ملنا شروع ہوگیا، 2 روز میں آٹا 95 روپے کلو فروخت ہوگا، سندھ حکومت سے ملکر پالیسی بنائی ہے، عوام کو ریلیف ملے گا۔