Notice: Function _load_textdomain_just_in_time was called incorrectly. Translation loading for the insert-headers-and-footers domain was triggered too early. This is usually an indicator for some code in the plugin or theme running too early. Translations should be loaded at the init action or later. Please see Debugging in WordPress for more information. (This message was added in version 6.7.0.) in /home/zarayeco/public_html/wp-includes/functions.php on line 6170
قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف ملک گیر مظاہرے ، ریلیاں،سوئڈن کے پرچم جلائے گئے | زرائع نیوز

قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف ملک گیر مظاہرے ، ریلیاں،سوئڈن کے پرچم جلائے گئے

کراچی،اسلام آباد ،لاہور : سویڈن میں توہینِ قرآن کیخلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے، جن میں کتاب اللہ کی بے حرمتی کرنے میں ملوث افراد کوسزا دینے اور معاملہ عالمی سطح پر اٹھانے کا مطالبہ کیا گیا۔

جماعت اسلامی، جمعیت علماءپاکستان ،تحریک لبیک پاکستان، جمعیت علمائے اسلام، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت،انٹرنیشنل ہیومن رائٹس سمیت مذہبی و دیگر جماعتوں اورتنظیموں کی جانب سے کراچی ، وفاقی دارالحکومت، لاہور، شیخوپورہ ، الہ آباد،ٹھینگ موڑ،قلعہ دیدارسنگھ،پنڈی بھٹیاں، راہوالی،حافظ آباد، اوکاڑہ،کرمانوالہ،ساہیوال،چیچہ وطنی ،پاکپتن،بہاولنگر، ملتان،رحیم یار خان ، فیصل آباد،سرگودھا ،گوجرانوالہ ،سیالکوٹ، گجرات ،جہلم، اسلام آباد، راولپنڈی، سکھر، حیدر آباد، نوابشاہ، پشاور، مظفر آباد، کامرہ، مری، ڈیرہ اسماعیل خان ، کوئٹہ،فتح جنگ،پنڈی گھیب ،دینہ ،ڈڈیال ،پنڈسلطانی، اوگی،ٹمن،کہوٹہ سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔

نماز جمعہ کے بعد ہونے والے مظاہروں میں شرکا نے احتجاجی بینرز اور کتبے اتھارکھے تھےجن پرسویڈش سفیر کی فوری ملک بدری کے علاوہ توہین میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کے مطالبات درج تھے،مظاہرین نے سویڈن کے صدر کے پتلےاور سویڈش پرچم بھی نذر آتش کیے اورقرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف نعرے بازی کی۔

شہر قائد میں مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا سویڈن کی جانب سے معافی مانگے جانے تک احتجاج جاری رہے گا،جبتک سانس جاری ہے کلام اللہ کی توہین نہیں ہونے دیں گے۔تحریک لبیک پاکستان کے زیراہتمام داتا دربار سے پنجاب اسمبلی تک تحفظ قرآن مارچ نکالا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔

امیر ٹی ایل پی حافظ سعد حسین رضوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم کہتے ہیں ایک ہاتھ میں قرآن پکڑو اور دوسرے میں ایٹم بم والاصندوق اور سویڈن جاکر ان کو بتاؤ تو دیکھو سارا یورپ تمہارے پاؤں میں نہ ہوا تو دیکھنا۔

جمعیت علماءپاکستان نے ملک بھر میں ” یوم تحفظ قرآن“ منایا، جمعیت علماءپاکستان کے سربراہ ڈاکٹر ابو الخیرزبیر، چیئر مین علامہ قاری زوار بہادر و دیگر مقررین نے خطابات کیے ۔

لاہور میں جماعت اسلامی کے زیراہتمام منصورہ ملتان چونگی پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور خالد احمد بٹ، میاں ذکر اللہ مجاہد و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا حکمرانوں میں غیرت ہے تو وہ سویڈن کیساتھ قطع تعلق کا اعلان کرے۔

اوکاڑہ میں احتجاجی ریلی نکالی گئی ،ریلی کاآغاز ماڈل ٹاؤن سے ہوا جو مختلف بازاروں سے ہوتی ہوئی فیصل آباد روڈ پر پہنچ کراختتام پذیر ہوئی۔ اسلام آباد میں الفرقان مسجد آئی ایٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے میاں اسلم نے کہا توہین قرآن کے دلخراش واقعات کے ذریعے اسلام کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

لاہور میں والٹن روڈ پربڑااحتجاجی مظاہرہ حافظ نصیر احمد نورانی کی قیادت میں کیا گیا ۔تحریک دفاع اسلام و پاکستان کے زیر اہتمام یوم احتجاج منایا گیا۔ علامہ ہشام الہٰی ظہیر نے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا بے حرمتی کے واقعات ناقابل برداشت ہیں، پو ری ملت اسلامیہ گستاخ ممالک کیساتھ سفارتی ، تجارتی، اقتصادی تعلقات ختم کرکے آپس میں اتحاد و اتفاق کا ثبوت دیں۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی اپیل پر چاروں صوبوں ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں پرامن احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور جلوس نکالے گئے۔لاہور میں شادمان، پریس کلب، ٹھوکر نیاز بیگ، امامیہ کالونی، موچی گیٹ سمیت مختلف مقامات پر پرامن مظاہرے کیے گئے۔قبل ازیں نماز جمعہ کے اجتماعات میں مذمتی قراردادیں منظور کرائی گئیں۔

پاکستان سنی تحریک کی اپیل پر ملک گیر ” یوم عظمت قرآن” منایا گیا،علماء ومشائخ نے حرمت قرآن کے موضوع پرخطبات دیے اور اس ناپاک جسارت کیخلاف مذمتی قراردادیں منظور کیں ،مساجد، مدارس اور درگاہوں کے باہر علامتی مظاہرے کیے گئے ۔ مقررین نے کہا قرآن پاک کی توہین آزادی اظہار رائے نہیں عالمی دہشتگردی ہے،مسلم حکمران ،اقوام متحدہ انسدادِ توہین مذہب کی قانون سازی کرائیں تاکہ آئندہ کوئی بھی ایسی ناپاک جسارت کی جرأت نہ کرسکے۔

اسلام آباد کی تاجر برادری نے صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ کی قیادت میں آبپارہ چوک سے سویڈش ایمبیسی کی جانب پیدل مارچ کیا، اجمل بلوچ اور دیگر مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سویڈن کے سفیر کو ملک بدر کیا جائے ورنہ ہم خود نکلالنے پر مجبور ہوں گے،انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ سویڈش مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے۔

مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کی سنیئر رہنما اور جموں وکشمیر ماس موومنٹ کی چیئر پرسن فریدہ بہن جی نےقرآن پاک کی بے حرمتی کے گھنائونے فعل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا اس سے پوری دنیا میں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے،نفرت پرمبنی اس جرم کا ارتکاب کرنے والوں کیخلاف ضروری اقدامات کیے جائیں۔