لاہور: مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہاہے کہ معیشت کا بیڑا غرق تحریک انصاف نے کیا ،ہم ملک کی تعمیر نو کررہے ہیں ،نواز شریف دور گئے تو پارٹی مشکلات کا شکار رہی ، مسلم لیگ (ن) کو احساس ہوا کہ نواز شریف کتنے ضروری ہیں ،پی ٹی آئی بنکرز سے باہر نہیں نکل رہی ، عمران خان بل میں چھپ کے بیٹھ گئے ہیں ، پی ٹی آئی کی شکست نوشتہ دیوار ہے ،کہنے میں کوئی قباحت نہیں کہ مہنگائی پر لوگوں کو اچھا رسپانس نہیں ملے گا،فیض کی کچھ باقیات عمران خان کو سپورٹ کررہی ہیں، ان کے مفادات ہیں۔
صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا عمران خان اور اس کے ساتھی مکافات عمل کا شکار ہوئے ہیں، چار سالوں میں جو کچھ کرتے رہے ہیں، اب بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا عمران خان جن کو توسیع دینے چلا تھا ان کیخلاف کارروائی کی بات کر رہا ہے۔
انہوں کہا کہ میں نہیں سمجھتی اب کوئی ادارہ عمران خان کو سپورٹ کررہا ہے،فیض کی کچھ باقیات عمران خان کو سپورٹ کررہی ہیں ،ان کے مفادات ہیں ۔ مریم نواز نے کہا کہ احتساب سے ادارے کمزور نہیں ،مضبوط ہوتے ہیں جو کردار ہیں ان کا احتساب ہونا چاہئے۔
