Notice: Function _load_textdomain_just_in_time was called incorrectly. Translation loading for the insert-headers-and-footers domain was triggered too early. This is usually an indicator for some code in the plugin or theme running too early. Translations should be loaded at the init action or later. Please see Debugging in WordPress for more information. (This message was added in version 6.7.0.) in /home/zarayeco/public_html/wp-includes/functions.php on line 6131
ماہرین نے کراچی میں غیر معمولی دھند کی وجہ بتا دی | زرائع نیوز

ماہرین نے کراچی میں غیر معمولی دھند کی وجہ بتا دی

کراچی : موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کا کہنا ہے کہ کراچی میں ان دنوں ہونے والی دھند کچھ غیر معمولی ہے، شہر گزشتہ ہفتے سے روزانہ دھند کی لپیٹ میں ہے۔انہوں نے کہا کہ فروری میں اتنی گہری اور لمبے دورانیے کی دھند عام طور پر نہیں ہوتی، دھند سمندر سے چلنے والی نم ہواؤں کی وجہ سے ہے، ان دنوں زمین کا درجہ حرارت کم اور سمندر کا زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ نم سمندری ہوا زمین پر کم درجہ حرارت کے باعث دھند بن جاتی ہے، صاف آسمان اور ہوا کی کم رفتار کے باعث صبح میں کراچی دھند کی لپیٹ میں رہتا ہے، 90 فیصد سے زائد نمی بھی دھند کی وجہ ہے۔جواد میمن کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز کراچی میں دھند ہوتی رہے گی، کل سے گرمی کی شدت میں کمی آ جائے گی، مارچ میں ملک میں معمول یا معمول سے زائد بارشیں ہو سکتی ہیں، مارچ میں 4 سے 5 سسٹم ملک پر اثر انداز ہو سکتے ہیں، کراچی میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں مارچ میں سمندری ہواؤں کی رفتار معمول یا معمول سے زائد ہو سکتی ہے، 26 اور 27 فروری کو ایک طاقتور مغربی ہواؤں کا سسٹم ملک پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔ان کا مزید کہنا ہے کہ ملک کے شمالی حصے، بلوچستان اور پنجاب کے علاقوں میں اچھی بارشیں ہو سکتی ہیں جبکہ سکھر، جیکب آباد، لاڑکانہ میں بھی اس سسٹم سے ہلکی بارش کا امکان رہے گا، یہ سسٹم 2 یا 3 مارچ تک اثر انداز رہ سکتا ہے۔