کراچی :متحدہ قومی موومںٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنونیئر عامر خان کی گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ملاقات ہوئی۔ جس میں عامر خان کے تحفظات دور کردیے گئے۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے سینئیر ڈپٹی کنونئیر عامر خان نے گورنر ہاؤس میں کامران ٹیسوری سے ملاقات کی جس میں سیاسی صورت حال، پارٹی معاملات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں ایم کیو ایم کو مزید مضبوط بنانے اور سب کو ساتھ لے کر چلنے پر گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر کامران ٹیسوری نے کہا کہ ’میرا کسی سے کوئی اختلاف نہیں ، سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہتا ہوں، سب کو ملکر ،بھائیوں کی طرح ماضی کو چھوڑ کر آگے بڑھنا ہوگا۔
عامر خان کا کہنا تھا کہ گورنر سندھ کی سب کو جوڑنے کی کوششیں خوش آئند ہیں، پارٹی کے لیے پہلے بھی کام کیا اب بھی ہر طریقے سے ساتھ ہوں اور متحرک کردار ادا کروں گا‘۔
ذرائع کو ملنے والی اطلاع کے مطابق عامر خان نے چند چیزوں پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے گلے ، شکوے کیے جنہیں گورنر نے نہ صرف بغور سنا بلکہ ان کو دور کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
گورنر سندھ سے ملاقات اور گلے شکوے دور ہونے کے بعد عامر خان ایک بار پھر ایم کیو ایم کیلیے متحرک کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔ اس سے قبل عامر خان منظر عام سے غائب تھے اور مہاجر دھڑوں کے انضمام میں وہ منظر عام پر آئے تھے پھر بعد میں وہ منظر سے پھر غائب ہوگئے تھے۔
کامران ٹیسوری نے گورنر کا منصب سنبھالنے کے بعد ایم کیو ایم کے تمام دھڑوں کو متحد کرنے کی کوششیں کیں جس کے بعد وہ پی ایس پی اور فاروق ستار سے ملے اور ان کا متحدہ میں انضمام کروایا۔ اب مصطفیٰ کمال، انیس قائم خانی، فاروق ستار اور ان کے قریبی اہم ساتھی جو ماضی میں عہدیدار تھے وہ ایم کیو ایم میں اہم ذمہ داریوں پر آگئے ہیں۔
