Notice: Function _load_textdomain_just_in_time was called incorrectly. Translation loading for the insert-headers-and-footers domain was triggered too early. This is usually an indicator for some code in the plugin or theme running too early. Translations should be loaded at the init action or later. Please see Debugging in WordPress for more information. (This message was added in version 6.7.0.) in /home/zarayeco/public_html/wp-includes/functions.php on line 6131
اتحادیوں کی بیٹھک : افرا تفری اور اشتعال انگیزی کے خلاف سخت اقدامات کا فیصلہ | زرائع نیوز

اتحادیوں کی بیٹھک : افرا تفری اور اشتعال انگیزی کے خلاف سخت اقدامات کا فیصلہ

اسلام آباد :وزیر اعظم شہباز شریف نے فوج اور اس کے سربراہ کے خلاف بیرون ملک غلیظ مہم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی چیف کے خلاف مہم ناقابل برداشت اور اداروں کے خلاف سازش کا تسلسل ہے،بیرون ملک محب وطن پاکستانی فارن فنڈڈ مہم کے خلاف آواز بلند کریں۔

پیر کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نےکہا بیرون ملک پاکستانیوں کے ذریعے زہریلی سیاست کو پھیلا جارہا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا بیرون ملک پاکستانی اس سازش کا حصہ نہ بنیں،عمران خان اداروں اور ان کے سربراہوں کو اپنی گندی سیاست میں گھسیٹ کر آئین شکنی کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا وزیر داخلہ ملک کے اندر اداروں کے خلاف غلیظ مہم چلانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں،پاکستان میں افراتفری ، فساد اور بغاوت کو ہوا دینے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے،میرٹ پر تعینات ہونے والے آرمی چیف کے خلاف مہم ملک دشمنوں کا ایجنڈا ہی ہو سکتا ہے،قوم اپنے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے، شرپسندوں کے خلاف متحد ہے۔

وزیر اعظم کے زیر صدارت اتحادی رہنماؤں کا اہم اجلاس بھی ہوا۔اجلاس 6گھنٹے جاری رہا۔سیاسی رہنمائوں نے اجلاس میں مختلف تجاویز پیش کیں۔شرکا نے عمران خان سے متعلق دو ٹوک پالیسی اپنانے پر رائے دی۔

شرکا نے موقف اپنایا کہ قانون سب کیلئے برابر ہے تو عمران خان قانون سے بالا تر کیوں ہیں،حکومتی رٹ قائم کرنے کیلئے عمران خان کو کٹہرے میں لانا ہوگا۔

وفاقی حکومت نے افراتفری پیدا کرنے وا لے عناصرسے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں اتحادی رہنمائوں نے موقف اپنایا کہ عمران خان کا طرز عمل ملک کو نقصان پہنچا رہا ، عمران خان عدالتوں سے فرار اختیار کرنے کے لئے بہانے بناتا ہے، اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی پی ٹی آئی کی سوچی سمجھی سازش ہے۔رہنمائوں نے فوج اور آرمی چیف کے خلاف جاری گھٹیا مہم کا حصہ بننے والوں کے خلاف کارروائی کی سفارش کرتے ہوئے حکومتی اتحادی رہنمائوں ،پولیس فورس پر حملے ، پرتشدد کارروائیوں پر اظہار افسوس کیا ۔

ذرائع کے مطابق اتحادی رہنمائوں نے عدالتوں کے طرز عمل پر بھی سوالات اٹھا دیئے ۔شرکاء نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی آڈیو لیک پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا اہم منصب پر رہنے والے شخص کی خاتون کے بارے میں گفتگو گھٹیا پن کی انتہا ہے ۔ اجلاس میں حکومتی اتحادیوں کا اس بات پر اتفاق ہوا کہ آئین و قانون کے مطابق تمام اقدامات جاری رکھے جائینگے۔

اتحادیوں نے اس عزم کا بھی اظہارکیا کہ قوم اپنے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے ،شرپسندوں کیخلاف متحد ہے ۔ اس موقع پر وزیراعظم نے خطاب کرتے ہوئے اس امید کااظہارکیا کہ جلد معاشی مسائل سے نکل آئیں گے ،اتحادیوں کے ساتھ مل کر عوام کو مشکلات سے نکالیں گے۔انہوں نے کہا ملک اس وقت افراتفری اور انتشار کا متحمل نہیں ہوسکتا ۔

وزیر اعظم نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار اور تحریک انصاف کے وکیل خواجہ طارق رحیم کی آڈیو لیک میں بیٹی مریم نواز کے بارے میں گھٹیا گفتگو انتہائی قابل مذمت ہے۔ شہبازشریف نے کہا خواتین کے بارے میں اس لب و لہجے اور گھٹیا سوچ کی معاشرے باالخصوص خواتین کو پر زور مذمت کرنی چاہئے، اجتماعی مذمت ہی معاشرے میں یہ منفی سوچ روک سکتی ہے۔

وزیراعظم سے ڈاؤلینس کے چیئرمین فاتح کمال کی صدارت میں ترکیہ سے تعلق رکھنے والے صنعتکاروں کے وفد نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا ترکیہ میں فروری میں آنے والے زلزلہ سے ہونے والی تباہی کی حالیہ تاریخ میں مثال نہیں ملتی، اس مشکل وقت میں ترکیہ کے بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، حکومت صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کو تمام تر سہولیات فراہم کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔وزیر اعظم نے ڈاکٹر آصف کو فون کیا اور امریکی کانگریس ارکان کے پاکستانی سیاسی صورتحال پر بیانات پر تشویش سے آگاہ کیا ۔

وزیر اعظم نے کہا امریکن کانگریس مین کے حالیہ بیانات پر پاکستان میں شدید تشویش پائی جاتی ہے، پاکستان مشکل وقت سے گزر رہا ہے، ایسے میں پاکستان کو آپ جیسے دوستوں کی ضرورت ہے ،جس پر ڈاکٹر آصف نے کہا کہ میرا کام اور دوستی صرف پاکستان کے ساتھ ہے ،پاکستان کی بہتری اور انسانی حقوق کیلئے کام جاری رکھوں گا۔بعد ازاں پیپلز پارٹی رہنما فریال تالپور نے بھی ڈاکٹر آصف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں امریکی کانگریس کی جانب سے بیانات پر تشویش سے آگاہ کیا ۔ذرائع کے مطابق پاکستانی نژاد امریکن ڈاکٹر آصف امریکہ کی ڈیموکریٹک پارٹی کے سینئر رہنما ہیں ،ڈاکٹر آصف کچھ روز قبل امریکن وفد کے ساتھ ہاکستان بھی آئے تھے۔

ڈاکٹر آصف نے دورہ پاکستان کے دوران عمران خان سے بھی ملاقات کی تھی،عمران خان نے موجودہ سیاسی صورتحال میں ڈاکٹر آصف کے ذریعے امریکہ سے مدد کی درخواست کی تھی،ڈاکٹر آصف کی امریکہ واپس پہنچ کر کانگریس مین سے ملاقاتیں جاری ہیں،ڈاکٹر آصف سے ملنے والے امریکن کانگریس مین عمران خان کے حق میں ویڈیو بیانات جاری کر رہے ہیں۔

علاوہ ازیں وزیر اعظم نے بجلی کی 10تقسیم کار کمپنیاں صوبوں کو منتقل کرنے کیلئے 13رکنی کمیٹی کو 10روز میں ڈرافٹ معاہدہ تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔لیسکو سمیت 5تقسیم کار کمپنیوں کی ملکیت پنجاب کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔بجلی پر سبسڈی دینے یا نہ دینے کا ا ختیار صوبائی حکومتوں کا ہوگا۔