نئی دہلی: بھارتی ریاست کرناٹکا میں پٹاخوں کی دکان میں آگ لگنے سے 12 افراد ہلاک متعددزخمی ہوگئے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک دکاندار ٹرک سے آتش بازی کا سامان دکان میں منتقل کر رہا تھا کہ اس دوران ایک ڈبے میں آگ بھڑک اٹھی۔
پولیس کے مطابق پٹاخوں اور آتش بازی کی وجہ سے آگ دکان کے اندر تک پھیل گئی جس سے مزید نقصان ہوا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ کا علم ہوتے ہی فائر فائٹرز پٹاخوں کی دکان پر پہنچے اور آگ بجھانے اور ریسکیو کا عمل شروع کیا۔
پولیس کے مطابق پٹاخوں کی دکان میں آگ لگنے کے بعد فائر فائٹرز نے 5 لاشوں سمیت 8 شدید زخمی افراد کو دکان سے نکالا ۔
بعد میں دوران علاج مزید زخمی دم توڑ گئے ۔ پٹاخوں کی دکان میں آتشزدگی کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد 12 ہوگئی، مرنے والوں کا تعلق بھارتی ریاست تامل ناڈو سے تھا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ آگ کی وجہ سے دکان سمیت قریب کھڑی دو گاڑیاں بھی جل گئیں۔دریں اثنا بھارت کے شمال مشرقی علاقوں میں آنے والے سیلاب میں کم از کم 77 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی اور کئی علاقوں سے پانی نکلنے کے باوجود سڑکیں اور پل تباہ ہونے سے ہزاروں لوگوں کے رابطے منقطع ہو گئے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ریاستسکم میں ایک بلند و بالا برفانی جھیل کے اچانک پھٹ جانے کے بعد طوفان نے تباہی مچادی۔سائنس دانوں نے خبردار کیا کہ اسی طرح کی آفات وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ہمالیہ میں خطرہ بنتی جائیں گی کیونکہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے عالمی درجہ حرارت میں اضافہ ہو رہا ہے اور برف پگھل رہی ہے۔ریاستی ریلیف کمشنر انلراج رائے نے بتایا کہ سکم کے مختلف حصوں سے کل 29 لاشیں نکالی گئی ہیں۔پڑوسی ریاست مغربی بنگال کے ضلع جلپائی گوڑی کی پولیس نے اے ایف پی کو بتایا کہ مزید 48 لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔
