کراچی میں روزنامہ ’جنگ‘ کے رپورٹر مطلوب حسین موسوی کو نامعلوم مسلح افراد ان کے گھر سے اپنے ہمراہ لے گئے۔
روزنامہ ’جنگ‘ کے رپورٹر مطلوب حسین موسوی الفلاح تھانے کی حدود سلمان فارسی سوسائٹی میں رہائش پذیر ہیں۔
ان کے اہل خانہ کے مطابق ہفتے کی صبح 4 بجے 20 سے زائد نامعلوم مسلح افراد گھر میں داخل ہوئے جنہوں نے گھر کے تمام افراد کو ایک کمرے میں بند کر دیا۔
مسلح افراد نے اپنے چہرے ڈھانپ رکھے تھے، انہوں نے گھر کی تلاشی لی اور مطلوب حسین موسوی کو اپنے ہمراہ لے گئے۔ معاملے پر علاقہ پولیس سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے واقعے سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔
دوسری جانب سماجی کارکن جبران ناصر نے بتایا ہے کہ مطلوب حسین کے اہل خانہ نے مقدمہ درج کروانے کے لیے شاہ فیصل کے الفلاح تھانے میں درخواست دی البتہ حکام نے وہ لینے سے معذرت کرلی۔
جنگ گروپ کے اسٹاف رپورٹر اور کراچی پریس کلب کے ممبر سید مطلوب حسین موسوی کو ہفتے کی صبح چار بجے سلمان فارسی سوسائٹی میں الفاح تھانے کے حدود میں واقع ان کے گھر سے مسلح افراد اپنے ساتھ لے کر گئے.
تھانہ الفاح پولیس نے درخواست وصول کرنے سے انکار کر دیا.@NKMalazai @OmarWaraich pic.twitter.com/KPGESyNTLl— M. Jibran Nasir (@MJibranNasir) March 30, 2019
علاوہ ازیں یہ شیعہ مسنگ پرسنز کمیٹی کے سربراہ راشد رضوی نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ رات سے اب تک 6 سے زائد شیعہ لڑکوں کو لاپتہ کیا گیا ہے۔
صحافتی تنظیموں نے رپورٹر کے جبری گمشدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر بازیاب کرنے کا مطالبہ کردیا۔ کے یو جے دستوری اور برنا کے رہنماؤں نے اس ضمن میں پریس ریلیز بھی جاری کی جبکہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر صحافیوں نے اس معاملے کو اجاگر بھی کیا تاکہ متعلقہ حکام تک آواز پہنچائی جاسکی۔
