کراچی: قومی احتساب بیورو نے پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال کے خلاف قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے کے خلاف ریفرنس دائر کردیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے چیئرمین اور سابق سٹی ناظم کراچی مصطفیٰ کمال و دیگر کے خلاف ریفرنس دائر کیا جس میں بتایا گیا ہے کہ سٹی ناظم کی حیثیت سے مصطفیٰ کمال نے ساحل کی زمین اونے پونے داموں فروخت کر کے بزنس ٹائیکون کو الاٹمنٹ فراہم کی۔
ریفرنس میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے ڈائریکٹر جنرل اور ای ڈی او سی ڈی جی کے افتخار قائمخانی، ڈی سی او فضل الرحمٰن، کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کے کے ڈی او ممتاز حیدر نذیر زرداری سمیت دیگر افراد کو بھی نامزد کیا گیا۔
نیب نے ریفرنس میں موقف اپنایا کہ مصطفیٰ کمال اور دیگر کے خلاف ساحل سمندر پر ساڑھے 5 ہزار مربع گز زمین کی غیرقانونی طور پر الاٹ کی، نیب کے مطابق یہ زمین 1980 میں ہاکرز اور دکانداروں کو لیز پر دی گئی تھی جبکہ 2005 میں پوری زمین کو ڈی جے بلڈرز نے لیز پر حاصل کرلیا۔
احتساب عدالت میں دائر ریفرنس کے مطابق سابق سٹی ناظم مصطفیٰ کمال نے بلڈر کو کثیرالمنزلہ عمارت تعمیر کرنے کی غیر قانونی اجازت بھی دی۔
یاد رہے کہ نیب نے مصطفیٰ کمال سمیت 11 افراد کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ گیارہ مارچ کو کیا تھا جس کے بعد پی ایس پی چیئرمین کے خلاف ایک ایف آئی آر بھی کاٹی گئی۔
گیارہ مارچ کو ہونے والی سماعت پر نیب نے سندھ ہائی کورٹ کو آگاہ کیا کہ ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی افتخار قائمخانی، ممتاز حیدر، نذیر زرداری اور دیگر کی درخواست ضمانت کی سماعت کے دوران نیب نے عدالت کو ریفرنس دائر کرنے کے فیصلے سے متعلق آگاہ کیا۔
نیب وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ’ملزمان کے خلاف ابتدائی تحقیقات مکمل کرلی گئیں، جس کی رپورٹ ریفرنس دائر کرنے کے لیے نیب ہیڈ کوارٹر بھیج دی گئی، جیسے ہی چیئرمین نے اجازت دی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ نیب وکیل کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال اور دیگر 11 افراد نے ساحل سمندر کی ساڑھے پانچ ہزار مربع گز زمین غیرقانونی طریقے سے تعلقات پر کسی کو الاٹ کی، جس کی وجہ سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا۔
عدالت نے نیب سے 2 مئی کو ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
دوسری جانب پاک سرزمین پارٹی کی جانب سے نیب ریفرنس کے خلاف ردعمل دیا گیا جس میں ترجمان کا کہنا ہے کہ مصطفیٰ کمال کا ماضی بے داغ ہے، بطور مئیر کراچی مصطفٰی کمال نے اپنی قابلیت، کارکردگی اور ایمانداری کے سبب کراچی کو دنیا کے 4 بہترین شہروں میں شامل کروایا، پاک سرزمین پارٹی مصطفٰی کمال پہ لگائے گئے بے بنیاد الزامات کو یکسر مسترد کرتی ہے اور ان بے بنیاد الزامات کو غلط ثابت کرے گی۔