جیو کا معاہدہ منسوخ ہونے کے بعد خلیل الرحمان قمر کا ایک بار پھر سخت مؤقف

کراچی: جیو انٹرٹینمنٹ نے خلیل الرحمان قمر اور اسکائی نیوز کے مابین ہونے والا ایک سال کا معاہدہ اُس وقت تک معطل کردیا جب تک لکھاری معافی نہیں مانگیں گے۔

جیو انٹرٹینمنٹ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ معاہدہ اُس کے بعد قابلِ عمل ہوگا جب خلیل الرحمان قمر اپنے الفاظ واپس لے کر سرعام معافی مانگیں گے اور اپنی غلطی کا بھی احساس کریں گے۔

معاہدہ منسوخ کرنے کے اس عمل پر جیو کے اقدام کو سوشل میڈیا صارفین نے سراہا البتہ خلیل الرحمان ایک بار پھر سخت مؤقف کے ساتھ سامنے آئے۔

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر معاہدہ کی منسوخی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ جیو کے ساتھ کام نہیں کریں گے، اللہ جانتا ہے کہ وہ اپنے مؤقف پر ڈٹے ہوئے ہیں، ادارے کو بجائے مجھے بولنے کے غیرملکی فنڈنگ پر چیخنے والی خواتین سے سوال کرنا چاہیے تھا، میں ایسی خواتین سے کبھی معافی نہیں مانگوں گا۔

خلیل الرحمان قمر نے کہا کہ جیو انٹرٹینمنٹ نے میرا کانٹریکٹ معطل کردیا ہے اور مجھ سےمعافی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ بیرون ملک کی فنڈنگ پر حقوق نسوا ں کی تحریک چلانے والوں کی تسلی کروائی جائے اور ان کے غیر مہذب بے شرم نعروں کو مطمئن کیا جاسکے۔

انہوں نے لکھا کہ میں خوش قسمت ہوں کہ مجھے ایک عظیم مقصد کیلئے قربانی دینے کا موقع ملا ہے اورخود کو اللہ کی مرضی کے مطابق ڈھالنے کا موقع ملا ہے۔ خلیل الرحمان قمر نے لکھا میں فی الفور اس معاہدے کو ختم کرتا ہوں جسے جیو انٹرٹینمٹ نے معطل کیا ہے اور میں اپنے لوگوں کو یہ یقین دلاتا ہوں کہ اپنی آئندہ زندگی میں اس ادارے کے ساتھ کبھی کام نہیں کروں گا۔

ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ مجھے میری بیوی نے کہا کہ اگر تو ہار کر آیا ایسی عورت سے، اس بے شرم عورت سے تو گھر مت آنا، میں تمہیں گھر میں داخل نہیں ہونے دوں گی۔۔ خلیل الرحمان قمر نے مزید کہا کہ تحقیق تو کرائیں کہ یہ عورت کہاں سے آئی ہے، یہ فوج کو گالی دیتی ہے، یہ پاکستان کو گالی دیتی ہے، یہ دین کو گالی دیتی ہے۔ اس عورت کا مجھے کسی نے ٹویٹ بھیجا ہے جس میں کہتی ہے کہ پاکستان کا مطلب کیا؟ فوجی، گشتی اور ملا۔

ماروی سرمد سے معافی کے سوال پر خلیل الرحمان قمر نے کہا کہ میں لعنت بھیجتا ہوں اس عورت پر۔۔ میں ایسی عورت سے معافی مانگوں گا؟ میں خود کشی کرلوں لیکن ایسی عورتوں سے معافی نہیں مانگوں گا۔ان چوہوں کو بل سے نکلنے کا موقع مل گیا لیکن اچھا ہوا۔

خلیل الرحمان قمر کا مزید کہنا تھا کہ صحیح وقت پر پتہ چل گیا کہ کرونا وائرس یہ بھی ہے جس کا تدارک کرنا بہت ضرور ہے۔ میں نے پہل کردی ہے اب عوام کی باری ہےمیری خودار بہنیں اب انکو خود سنبھال لینگی یہ آپکی ساکھ خراب کر رہی ہیں۔

خلیل الرحمان قمر نے میڈیا کی ان خبروں کا بھی جواب دیدیا جس میں کہا گیا کہ خلیل الرحمان قمر نے اپنا معاوضہ 5 گنا کردیا ہے۔۔ خلیل الرحمان قمر کا کہنا تھا کہ مجھے پتہ ہے کہ پروڈیوسر کتنا کماتا ہے۔۔ میں پروڈیوسر کو امتحان میں نہیں ڈالتا۔

آخر میں خلیل الرحمان قمر نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ یہ عورت مارچ اپنی موت آپ مر جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: