متحرک مہاجر نوجوانوں نے ایک اور کامیابی حاصل کرلی

کراچی: مہاجر امن واک کا انعقاد کرنے والے متحرک مہاجر نوجوانوں نے بغیر کسی سیاسی رہنما کے ایک اور کامیابی حاصل کرلی۔
مہاجر امن واک کا انعقاد کرنے والے نوجوانوں نے کراچی میں ہونے والی مردم شماری کے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے اسے دوبارہ کرنے کا مطالبہ کیا، اس ضمن میں ایک ڈیجیٹل مہم کا انعقاد کیا گیا جس میں نوجوانوں کی بڑی تعداد نے حصہ لیا۔ متحرک گروپ کے نوجوانوں نے #MujheBhiGinLo کے نام سے ٹویٹر پر ہیش ٹیگ چلایا۔
دو گھنٹے سے بھی کم وقت میں اس ہیش ٹیگ کو استعمال کرتے ہوئے 7 ہزار سے زائد صارفین نے مہم میں حصہ لیا اور کراچی کی مردم شماری کو دوبارہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ سوشل میڈیا پر ہونے والے اس احتجاج میں نوجوانوں کو کسی بھی گروپ یا جماعت کی حمایت حاصل نہیں تھی، اس مہم کا اعلان چار روز قبل کیا گیا تھا جس کے بعد آج صبح ہی ہیش ٹیگ بھیجا گیا تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل دسمبر میں نوجوانوں نے کراچی کے علاقے کریم آباد سے مزار قائد تک مہاجر پیس واک کے نام سے ریلی کا انعقاد کیا تھا، اس ریلی میں حیران کن طور پر غیر سیاسی نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی تھی، شرکا کی تعداد کو دیکھتے ہوئے آخری وقت میں وفاق کے ساتھ شامل کراچی کی نمائندہ جماعت کا دعویٰ کرنے والی پارٹی نے اپنے رہنما کو ریلی میں شرکت کے لیے بھیجا، ورنہ اُس سے قبل طلبا تنظیم کے کارکنان کو بھی شرکت نہ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

