بھارت سے تربیت یافتہ دہشت گردوں نے انیس ایڈوکیٹ اور واسع جلیل کا نام لے لیا، فاروق ستار کلیئر قرار
کراچی: انسداد دہشت گردی فورس نے میرپور خاص میں کارروائی کر کے بھارتی تربیت یافتہ ایم کیو ایم کے دو مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا، جنہوں نے تفتیش کے دوران واسع جلیل اور انیس ایڈوکیٹ سے رابطوں کا انکشاف کیا ہے۔
سی ٹی ڈی کے ڈائریکٹر انفارمیشن جنرل عمرشاہد نے کراچی سول لائن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم لندن گروپ کے گرفتار دہشت گردوں کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمان نے ایم کیو ایم کے دیگر رہنماؤں کے نام بھی بتائے۔
گلستان جوہر سے گرفتار ملزم کے اعتراف کے بعد سی ٹی ڈی میرپور خاص میں اسی سلسلے میں ایک اہم کارروائی کی ہے، جہاں رات گئے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا، جس میں اینٹی ایئر کرافٹ گن سمیت دیگر اسلحہ بھی شامل ہے۔
تفتیش کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا کہ کارکنوں کو بھارت بھیجنے کی پالیسی بانی ایم کیو ایم کی تھی، ہم نے بھی بھارت سے تربیت حاصل کی، جس میں واسع جلیل اور انیس ایڈوکیٹ نے کردار ادا کیا کیونکہ اُس وقت دونوں اہم عہدوں پر فائض تھے، ان دونوں کے ہاتھ میں ہی کارکنان کو بھارت بھیجنے کی ذمہ داری تھی۔
ملزمان نے بتایا کہ بانی ایم کیوایم کی اے پی ایم ایس او، اندرون سندھ سے وابستہ کارکنان کو بھارت بھیجنےکی منصوبہ بندی تھی، جن میں سے کچھ لڑکوں نے انڈیا کے مختلف شہروں میں جانےاوروہاں ٹریننگ حاصل کرنے کا اعتراف کیا، ملزمان کامقصد بارڈر سےاسلحہ اوردیگر کراچی سمیت سندھ کے دیگر علاقوں میں منتقل کرنا تھا۔ ملزموں کوعسکری تربیت کےساتھ اونٹ چلانے کی بھی تربیت دی گئی تاکہ وہ اسلحہ باآسانی اسمگل کرسکیں۔
سی ٹی ڈی حکام نے ملزمان کے اعترافی بیان کی آڈیو بھی سنائی۔
عمرشاہد نے کہا کہ اب تک گرفتاریوں میں 2اہم نام انیس ایڈووکیٹ اور واسع جلیل سامنےآئے، انیس ایڈووکیٹ کوبلاکر تفتیش کی گئی، گرفتار ملزم نعیم نےتہران میں انیس ایڈووکیٹ سےملنےکاانکشاف کیا، انیس ایڈووکیٹ کودوبارہ بلایاجائےگا، ان کوملک چھوڑنےسےمنع کیا ہے، تفتیش میں مزید حقائق سامنےآئے تو چالان بنا کر عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ انیس ایڈووکیٹ سےمتعلق اہم ثبوت ملا ہے، اُن کے پاس لڑکوں کوعسکری تربیت دینے کے لئے بیرون ملک بھیجنے کا ٹاسک تھا، ان کو مزیدایک سے2 روزمیں بلایا جائے گا اور تفتیشی افسر کی صوابدید پر انہیں مناسب وقت پر گرفتار بھی کیا جائے گا۔
ڈی آئی جی نے کہا کہ ’انیس ایڈووکیٹ اس وقت ملک سےباہرنہیں جاسکتے ، ان کی کچھ مشکوک بینک ٹرانزیکشنزبھی سامنےآئی ہیں، ممکن ہے کہ انیس ایڈووکیٹ کا نام فورتھ شیڈول میں شامل کیا جائے جبکہ واسع جلیل امریکا میں ہیں جن کو وطن واپس لانے کی کوشش کی جارہی ہے، اس سلسلے میں وزارت داخلہ کو ایک خط تحریر کیا گیا ہے۔
پی ایس پی کے سابق رہنماؤں سے پی پی قیادت کی ملاقات، شمولیت کی دعوت
سی ٹی ڈی کے سربراہ نے بتایا کہ ملزمان کے اعتراف کے بعد فاروق ستار کو تفتیش کے لیے طلب کیا گیا اور شکوک و شبہات پر سوالات کیے گئے، جنہیں انہوں نے کلیئر کیا، اب ہم اُن سے مزید تفتیش نہیں کریں گے اور نہ ہی انہیں طلب کرنے کی فی الحال کوئی ضرورت ہے۔