کراچی :پی ٹی آئی کے تحت اتوار کو کراچی میں الیکشن کراو ملک بچاؤ تحریک کے سلسلے میں دعا چوک اورنگی ٹاؤن تا مومن آباد ریلی کا انعقاد کیا۔بعدازاں بنارس چوک پر جلسہ کیا گیا۔
ریلی اور جلسہ میں پی ٹی آئی کے رہنما سابق گورنرسندھ عمران اسماعیل، بلال غفار، سعید آفریدی، عطا اللہ ،رابستان خان سمیت دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔
سابق گورنر عمران اسماعیل نے کہا کہ یہاں سے پی ٹی آئی نے جنم لیا،آج یہ پاکستان کی سب سے بڑی پارٹی بنی،عمران خان جو جنگ لڑ رہا ہے۔یہ کرسی کی جنگ نہیں ہے،عمران خان نے امریکا کے سامنے جھکنے سے انکار کیا،عمران خان ایک غیرت مند قوم کا لیڈر ہے،شہباز شریف،نواز شریف،زرداری،فضل الرحمٰن چور ہیں،یہ جہاں نوٹ دیکھتے ہیں وہاں زمین میں گر جاتے ہیں۔پالش اور مالش کرنا شروع کر دیتے ہیں،عمران خان نے یو این میں کلمہ پڑھا،عمران خان امر بالمعروف کی بات کرتا ہے،کوئی فیصلہ ہمارے خلاف کرانا ہو تو یہ چور الیکشن کمیشن کے پاس چلے جاتے ہیں،آج پاکستان کی معیشت گر گئی ہے،یہ کہتے ہیں سب ٹھیک ہو جائے گا،کیا ان کا باپ ٹھیک کرے گا،ان کو عوام کے غصے کا اندازہ نہیں ہے،جب عمران خان کہے گا ہم ان چوروں کو سڑکوں پر گھسیٹیں گے،کسی کو ملک سے بھاگنے نہیں دیں گے،سب کو جیلوں میں ڈالیں گے۔
پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار نے کہا کہ جس طرح گزشتہ 8 ماہ سے کراچی نے عمران خان نے ساتھ دیا،شیلنگ اور لاٹھی چارج کا سامنا کیا۔آپ کا شکریہ آپ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں،عمران خان آزاد خارجہ پالیسی کی بات کرتا ہے،عمران خان نے کہا خوف کے بت توڑ دو،کراچی کے باشعور عوام نے پورے ملک میں شعور پیدا کردیا ہے کہ ہمیں امپورٹڈ حکومت نہیں چاہیے ۔یہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں۔
رکن سندھ اسمبلی سعید آفریدی نے کہا کہ آج کی ریلی جلسہ بن گئی ہے آج مہنگائی ہے آٹا مہنگا ہے۔جو یہاں سے مارچ نکال کر گئے تھے وہ آج کہیں نظر آرہے ہیں ۔صرف امپورٹڈ سرکار کو ریلیف ملا ہے ۔یہ 30 سال سے صوبے میں بیٹھے ہیں۔یہ آپ کے کام کرنا نہیں چاہتے ہیں ،ہم پرامن لوگ ہیں،ہمیں غلاموں ۔چوروں کی حکومت نامنظور ہے۔ملک میں فورا نئے انتخابات کرائے جائیں۔
