کراچی : مصنف و صحافی سینیٹرعرفان صدیقی کی لکھی ہوئی شاعری کی کتاب ’’گریز پا موسموں کی خوشبو‘‘ کی رونمائی کے مقررین نےشاعری کے کام کو بےحد سراہا اور اسے ماہر اور تجربہ کار شاعرکاکام قرار دیا۔آرٹس کونسل کراچی میں منعقدہ تقریب کی صدارت سینیئرصحافی محمود شام نے کی۔
اس موقع پر سینئرصحافی محمود شام، نامور مصنف و شاعر عقیل عباس جعفری،مصنفہ و شاعرہ ڈاکٹرفاطمہ حسن، مصنف شکیل عادل زادہ، صدر آرٹس کونسل احمد شاہ، شاعرہ و صحافی ناصرہ زبیری اور دیگر نےکتاب ’’گریز پاموسموں کی خوشبو‘‘ کے بارے میں اپنے خیالات کااظہارکیا اور عرفان صدیقی کی شاعری کو خوب سراہا۔
مصنفہ و شاعرہ ڈاکٹر فاطمہ حسن نےاپنےخطاب میں 22 جلدوں پر مشتمل اردو ڈیجیٹل ڈکشنری کے اجراء کو یقینی بنانے کے لیے بطور وزیرعرفان صدیقی کی کوششوں اور ذاتی دلچسپی کی تعریف کی اور اس کام کو پاکستان کے ادب کاسب سے بڑاخزانہ قراردیا۔ انہوں نےمزیدکہا کہ یہ بہت بڑاکام اس وقت کے صدر ممنون حسین کی خصوصی ہدایت پر مکمل کیا گیا تھا۔
صدر آرٹس کونسل احمد شاہ نےعرفان صدیقی کے ساتھ اپنی ملاقات کو یادکیاجب عرفان صدیقی وزیر تھے اور ان کے تعاون کو سراہا۔ احمدشاہ نےکہاکہ کسی شاعر کو کسی نقادکی ضرورت نہیں ہوتی اور انہوں نے اپنی کتاب میں عرفان صدیقی کو ایک مختلف شخص پایا۔
کتاب کےمصنف عرفان صدیقی نے کراچی میں ثقافت اورفنون کےفروغ کے لیے بین الاقوامی اردو کانفرنس جیسی تقریبات اور دیگر اہم اجتماعات کے انعقاد پر احمد شاہ کی کاوشوں کو سراہا۔
