اسلام آباد،لاہور: پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان آنے والے دنوں میں سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے ذریعے ایک ارب ڈالر سے زائد کے معاہدے پر دستخط ہوں گے۔
یہ بات نواف سعید المالکی نے ایک انٹرویو میں کہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 1947ءمیں جب معرض وجود میں آیا تو سعودی عرب ان پہلے ملکوں میں شامل تھا جس نے پاکستان کو تسلیم کیا اور مدد فراہم کی۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے بانی سے لے کر خادم الحرمین الشریفین سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان تک سعودی حکومت نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا اور اقتصادی و مالی مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات مثالی اور گہرے ہیں اور تمام شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعلقات ہیں، حال ہی میں سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کا جائزہ لینے کا اعلان کیا گیا۔
اس کے علاوہ سعودی ڈیپازٹ کو بھی بڑھانے کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مضبوط تذویراتی شراکت داری کی عکاسی کرتے ہیں۔
