کراچی:بلدیاتی الیکشن،تیاریاں مکمل،4990 پولنگ اسٹیشن قائم

کراچی: الیکشن کمشنر سندھ اعجازانور چوہان کا کہنا ہے کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات کی تیاری مکمل ہے، انتخابی عملے کی تعیناتی کا کام مکمل ہوچکا ہے اورانتخابی عملہ کوآج ہفتہ 14 جنوری کوسامان اورانتخابی مواد فراہم کردیا جائے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں، انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر 8 سے 10 پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔انتخابات کے دن رینجرز کوئیک ریسپانس فورس کے طور پر علاقوں میں موجود رہے گی۔الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ کے سامان کو پولنگ اسٹیشنز تک پہنچانے کا احکامات موصول ہو گئے ہیں۔

ترجمان الیکشن کمیشن سندھ کے مطابق انتخابی عملے ہفتہ کو دوپہر 12 بجے ڈی آر اوز کے دفاتر میں پہنچنے کی ہدایات کردی گئی ہیں۔انتخابی سامان اور عملے کو پولنگ اسٹیشنوں تک پہنچانے کے لئے پولیس اور رینجرز کی خدمات بھی حاصل کرلی گئیں ہیں۔ بلدیاتی انتخابات کی پولنگ کے لیے کراچی میں 4990 پولنگ اسٹیشنز بنائے ہیں جن میں سے 3415 کو حساس، 1496 کو انتہائی حساس اور 79 کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔کراچی ڈویژن میں چیئرمین، وائس چیئرمین اور جنرل ممبر کی نشست کیلئے 9 ہزار 58 امیدوار میدان میں ہوں گے۔

کراچی سے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے پینل اور جنرل ممبر کی نشست پر مختلف یونین کمیٹیوں سے 7 امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔کراچی ڈویژن کی جنرل ممبرز اور چیئرمین اور وائس چیئرمین کی 22 نشستوں پر امیدواروں کے انتقال کے باعث انتخابات 15 جنوری کو نہیں ہوں گے۔انتقال کرنے والے امیدواروں میں مختلف یونین کمیٹیوں کے 9 چیئرمین اور وائس چیئرمین جبکہ 13 جنرل ممبرز کے امیدوار بھی شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: