اورنگی ٹاؤن میں آئس نشے کے دوران دھماکا، 3 زخمی

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن نمبر ایک میں آئس نشے کے دوران دھماکے سے 3 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کیا گیا ہے۔

ابتدا میں اورنگی ٹاؤن میں ہونے والے دھماکے کو سلنڈر وجہ قرار دیا گیا تھا تاہم پھر مکینوں نے پر اسرار قرار دے کر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا۔

جائے وقوعہ پر شواہد اکھٹے ہونے کے بعد پولیس اس نتیجے پر پہنچی کہ واقعہ گیس سلنڈر کا دھماکا نہیں، ابتداء میں واقعے کو گیس سلنڈر کا دھماکا بتایا جارہا تھا۔

پولیس کی نفری موقع پر پہنچی تو سلنڈر دھماکے کے شواہد نہیں ملے، پراسرار دھماکا ڈیکوریشن شاپ کے اندر مچان پر ہوا، جس کے نتیجے میں مچان پر بیٹھے افراد کے ہاتھ اور چہرے جھلس گئے ہیں اور دکان میں آگ لگی۔

بعد ازاں کراچی بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جائے وقوعہ کو کلیئر قرار دے دیا اور ٹیم اس نتیجے پر پہنچی کہ نشے کے عادی افراد بڑے بلب میں آئس کا نشہ کر رہے تھے، جس کے دوران گیس بھرنے سے بلب پھٹا اور اس کے کانچ کیوجہ سے تین افراد زخمی ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: