کراچی: کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) نے پاکستان میڈیا فریڈم رپورٹ برائے سال 2022 جاری کردی۔رپورٹ کے مطابق 2022ء کے دوران پاکستان میں آزادی صحافت کی صورتحال انتہائی مخدوش رہی اور آزادی اظہار کو دباؤ میں رکھنے کا سلسلہ جاری رہا۔
سی پی این ای کی پاکستان میڈیا فریڈم رپورٹ 2022 کے مطابق 4 صحافی فرائض کی انجام دہی کے دوران جان کی بازی ہار گئے۔ معروف اینکر وصحافی ارشد شریف ، اطہر متین اور ضیاء الرحمان فاروقی کے بہیمانہ قتل نے حکومت اور ارباب اختیار کے میڈیا کی آزادی سے متعلق تمام دعوے بین الاقوامی برادری کے سامنے عیاں کردیئے جبکہ ایک خاتون صحافی صدف نعیم پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران ناقص حفاظتی اقدامات کے باعث حادثے میں جاں بحق ہوئیں۔ وفاق میں اتحادی حکومت نے پی ٹی آئی کے دور کی میڈیا کش پالیسیوں کو مزید وسعت دے کر میڈیا کی آزادی سے متعلق اپنے تمام دعووں سے انحراف کیا اور تحریک انصاف کے سابقہ دور کی طرز پر انتقامی کارروائیاں جاری رکھیں۔
آزادی صحافت اور آزادی اظہار کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان 157 ویں نمبر پر رہا جو گزشتہ سال 2021ء کے مقابلے 12 درجات کی تنزلی ہے۔پیکا (Prevention of Electronic Crime Act) کا غیر جمہوری اور کالا قانون بدستور نافذ ہے جس کی بعض شقیں آزادی صحافت اور اظہار رائے کو منفی طور پر متاثر کرتی ہیں۔سی پی این ای کی رپورٹ کے مطابق 2022ء کے دوران صحافی، میڈیا ملازمین اور میڈیا ادارے عدم برداشت پر مبنی میڈیا مخالف کارروائیوں کا نشانہ بنے، تقریبا 28 سے زائدواقعات میں 13 صحافیوں پر تشدد،2صحافیوں کے گھروں پر حملے، 10 صحافیوں کی گرفتاریاں و مقدمات اور 3 خواتین صحافیوں کو ہراساں کیا گیا۔
سندھ میں سیلاب اور سیلاب متاثرین کی صورتحال سے متعلق حقائق پر مبنی رپورٹنگ کی پاداش میں کیٹی بندر کے صحافی الیاس سموں سمیت سندھ کے مختلف علاقوں کے صحافیوں کو انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت جھوٹے مقدمات درج کر کے گرفتار کیا گیا۔ اسلام آباد کے صحافی وقار ستی کے خلاف توہین مذہب کی دفعات کے تحت قائم مقدمہ ہائی کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود برقرار ہے۔ صحافیوں اور میڈیا اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر متعدد ٹرینڈز چلائے گئے ، بعض سیاسی اور مذہبی حلقوں کی جانب سے تخلیق کردہ مختلف سوشل میڈیا ٹرینڈز نے صحافیوں کی زندگیوں اور تحفظ کے لئے خطرات پیدا کئے، بعض صحافی طاقتور حلقوں کا دباؤ برداشت نہ کرسکے جس کی وجہ سے کچھ صحافی بیرون ملک منتقل ہوئے اور بیرون ملک بھی اپنی پہچان مخفی رکھنے پر مجبور ہوئے تاکہ وہ ارشد شریف جیسے انجام کا شکار نہ ہوں۔ مختلف مرد و خواتین صحافیوں کے خلاف ٹرولنگ کی گئی جن میں شفا یوسف زئی، غریدہ فاروقی اور دیگر شامل ہیں۔
میڈیا اداروں کے صحافی اور دیگر عملہ تنخواہوں کی عدم ادائیگیوں سمیت مختلف پریشانیوں کا شکار رہے تاہم سی پی این ای کی کوششوں سے تحریک انصاف کی سابقہ وفاقی حکومت کے دور میں اشتہاراتی ایجنسیوں کے ذریعے ادائیگیوں کی بجائے میڈیا اداروں کو براہ راست ادائیگیوں کے نفاذ سے خاصی بہتری آئی تاہم پنجاب حکومت نے تاحال میڈیا اداروں کو براہ راست ادائیگیوں کے نظام پر عمل در آمد نہیں کیا ہے جبکہ سندھ میں سرکاری اشتہارات کی غیر منصفانہ تقسیم اور کئی سالوں سے واجبات کی ادائیگیوں میں تاخیر اور سست روی کی وجہ سے اخبارات و جرائد کو بندش جیسی صورت حال کا سامنا ہے۔
کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) نے اپنی رپورٹ میں متنبہ کیا ہے کہ ماضی میں آزادی صحافت کو سلب کرنے کے نتائج سقوط ڈھاکہ اور اسی نوعیت کے سانحات کی صورت میں برآمد ہوئے ہیں لہٰذا حب الوطنی کا تقاضا ہے کہ میڈیا کی آواز دبانے کی بجائے میڈیا کی نشاندہی اور تجاویز پر توجہ دی جائے ۔ سی پی این ای عزم ظاہر کرتی ہے کہ کسی بھی طرح کے دباؤ کو قطعی برداشت نہیں کیا جائے گا، آزادی صحافت اور آزادی اظہار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
