اسلام آباد:ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قلت سے متعلق خبروں پر آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے وضاحت جاری کردی۔
اوگرا نے ملک بھر میں پٹرول اور ڈیزل کی قلت سے متعلق خبروں کی تردید کردی، اس حوالے سے ترجمان اوگرا نے کہا ہے کہ ملک بھر میں پٹرول اور ڈیزل کا وافر ذخیرہ موجود ہے، مقامی ریفائنریز پٹرولیم مصنوعات کی طلب کو پورا کرنے میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں، اس وقت بالترتیب 18 اور 37 دنوں کی مانگ کو پورا کرنے کے لیے پٹرول اور ڈیزل کے ذخائر دستیاب ہیں جب کہ پٹرول کے 1 لاکھ 1 ہزار میٹرک ٹن کے حامل بحری جہاز برتھ پر ہیں۔
وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ ملک میں ایندھن کی کمی نہیں ہے، بجلی کے کارخانوں کو چلانے کے لیے وافر ایندھن موجود ہے، بریک ڈاون کی وجہ سے ہمیں تکنیکی فالٹ کا سامنا رہا، ہم ابھی بھی تکنیکی فالٹ کو درست کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
