کراچی : نیو کراچی صنعتی ایریا پولیس نے مختلف علاقوں میں ڈکیت و اسٹریٹ کرمنلز، موٹر سائیکل لفٹرز، گٹکا ماوا، منشیات مافیاز اور دیگر ملزمان کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کے دوران مجموعی 20ملزمان کو گرفتار کر کے بھاری تعداد میں اسلحہ، موٹر سائیکلیں، موبائل فونز، منشیات ، گٹکا ماوا اور دیگر لوٹا و مسروقہ سامان برآمد کر لیا۔
ایس ایس پی ضلع سینٹرل کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے ایس ایچ او نیو کراچی صنعتی ایریا انسپکٹر چوہدری طفیل نے پولیس پارٹی کے ہمراہ نیو کراچی صنعتی ایریا تھانے کی حدود میں مختلف علاقوں و مقامات گودرا، خمیسو گوٹھ سمیت دیگر علاقوں میں کامیاب کاروائیاں اور کرمنلز کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مجموعی 20ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار شدگان میں قتل، اقدام قتل ، ڈکیتی ، اسٹریٹ کرائم، موٹر سائیکل لفٹرز، منشیات فروش، مضر صحت گٹکا ماوا کی سپلائی و فروخت سمیت دیگر مقدمات میں ملوث ملزمان شامل ہیں۔
گرفتار ملزمان لیاقت آباد، سٹی کورٹ، عوامی کالونی، سرجانی ٹاؤن، نیو کراچی صنعتی ایریا سمیت مختلف تھانوں کو مقدمات میں مطلوب تھے۔ گرفتار ملزمان سے ایک نائن ایم ایم سمیت 9پستول، 9میگزین، متعدد کارتوس، 5مسروقہ و چھینی ہوئی موٹر سائیکلیں، 36چھینے ہوئے موبائل فونز، 320کلو گرام چھالیہ، 200پیکٹ تیار گٹکا ماوا، کچی شرا ب کی 12بوتلیں، منشیات اور دیگر مسروقہ و لوٹا ہوا مال برآمد کر لیا۔ گرفتار ڈکیت و اسٹریٹ کرمنلز میں وارداتوں کے دوران شہریوں کو قتل و زخمی کرنے والے ملزمان بھی شامل ہیں۔ کاروائیوں کے دوران ایک درجن نشئی کو پکڑ کر ایدھی سینٹر منتقل کر دیا گیا۔
کاروائی میں ایک افغان باشندے کو فارن ایکٹ کے تحت گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار شدگان سے تفتیش جاری ہے۔
