اسلام آباد: جرمنی کوپاکستان کے فاضل تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں اضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔
مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں جرمنی کو پاکستانی برآمدات میں اضافہ جبکہ درآمدات میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں جرمنی کوپاکستان کی برآمدات کاحجم 881.04 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 1.94 فیصدزیادہ ہے،گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں جرمنی کوبرآمدات سے ملک کو864.24 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔
مالی سال 2022 میں جرمنی کو1.749 ارب ڈالرمالیت کی برآمدات ریکارڈکی گئی تھیں۔اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں جرمنی سے درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر31.52 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے،جولائی سے دسمبر2022 تک کی مدت میں جرمنی سے درآمدات کاحجم 476.68 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا،جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 626.96 ملین ڈالرتھا۔
ملک میں جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں چاول کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر10.24 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے لے کردسمبر2022 تک کی مدت میں چاول کی برآمدات سے ملک کو1.005 ارب ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 10.24 فیصدکم ہے۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں چاول کی برآمدات سے ملک کو1.108 ارب ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔اعدادوشمارکے مطابق باسمتی چاول کی برآمدات کاحجم 288.52 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 370.29 ملین ڈالرتھا۔اسی طرح جولائی سے دسمبرتک کی مدت میں نان باسمتی چاول کی برآمدات سے ملک کو717.35 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 738.65 ملین ڈالرتھا۔
اعدادوشمارکے مطابق 6 ماہ میں اشیائے خوراک کی برآمدات سے ملک کو2.255 ارب ڈالر کازرمبادلہ حاصل ہواہے جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 2.375 ارب ڈالرتھا۔