اسلام آباد: آئی ایم ایف مشن کا جائزہ مشن آج 10 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے گا،نویں اقتصادی جائزے پربھی آج سے مذاکرات شروع ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے آئی ایم ایف کےساتھ نویں اقتصادی جائزے کی تکمیل پر پروگرام ٹریک پر آنے اور ایک ارب دس کروڑ ڈالر ملنے کا امکان ہے ۔مذاکرات میں آئی ایم ایف کو جولائی تا دسمبر 2022 ء کی معاشی کارکردگی، ٹیکس محاصل، ایکسچینج ریٹ سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا جائے گااور سیلاب سے 30 ارب ڈالر کے نقصانات اور اخراجات پر بریفنگ دی جائے گی۔
آئی ایم ایف کے جائزہ وفد کو کرنٹ اکاوٴنٹ خسارے، انرجی سیکٹرمیں اصلاحات پر بریفنگ دی جائے گی جبکہ گردشی قرضےاور نجکاری پروگرام میں پیشرفت سے آگاہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب حکومت نے بجٹ خسارہ پورا کرنے کیلئے200 سے 600 ارب روپے تک کے اضافی ٹیکس لگانے کی تیاری کرلی۔آئی ایم ایف وفد سے مذاکرات میں طے ہوگا کہ کتنے نئے ٹیکس لگائے جائیں اور کتنے نان ٹیکس اقدامات کئے جائیں۔واضح رہے آئی ایم ایف مشن کی آمد سے قبل ہی متعدد شرائط پوری کی جاچکی ہیں۔
ڈالر کےمقابلے میں روپے کی قیمت مارکیٹ کے مطابق کرنے اور پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کے مطا لبات پور ے ہو چکے ،ڈیزل پر لیوی 40 روپے فی لیٹر کردی گئی اور اگلے ماہ اس میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ بجلی و گیس کےبارے میں بھی جلد فیصلہ متوقع ہے جس کے بعد آئی ایم ایف کے ساتھ اقتصادی معاہدے کی تکمیل کی راہ ہموار ہوجائے گی۔
