Notice: Function _load_textdomain_just_in_time was called incorrectly. Translation loading for the insert-headers-and-footers domain was triggered too early. This is usually an indicator for some code in the plugin or theme running too early. Translations should be loaded at the init action or later. Please see Debugging in WordPress for more information. (This message was added in version 6.7.0.) in /home/zarayeco/public_html/wp-includes/functions.php on line 6131
پنجاب کے تاجروں نے انتخابات کے بجائے چارٹر آف اکانومی کا مطالبہ کردیا | زرائع نیوز

پنجاب کے تاجروں نے انتخابات کے بجائے چارٹر آف اکانومی کا مطالبہ کردیا

لاہور:لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے تمام سیاسی جماعتوں سے انتخابات کے بجائے چارٹر آف اکانومی کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ مطالبہ گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کے ساتھ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ہونے والی ملاقات میں اجتماعی طور پر اٹھایا گیا۔

لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جبکہ اس موقع پر سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری ، نائب صدر عدنان خالد بٹ اور سابق صدر محمد علی میاں نے بھی خطاب کیا۔

لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین اور سابق عہدیداران بھی اجلاس میں موجود تھے۔شرکاءنے ایک قرار داد بھی پاس کی جس میں کہا گیا کہ “ہمیں الیکشن نہیں معیشت چاہیے”۔

گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہا کہ سیاست دانوں اور تاجر برادری سمیت معاشرے کے تمام طبقات کو ہر قسم کی سیاست سے بالاتر ہو کر سوچنا اور ملک کی معاشی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری، معیشت اور ریاست کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اجتماعی نقطہ نظر اپنانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جب ریاست کمزور ہوتی ہے تو اس کی بنیادیں ہل جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معیشت اور صنعت ہماری ریاست کے اہم ستون ہیں۔ ہمیں معیشت، صنعت کی ترقی، بے روزگاری کے خاتمے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے سوچنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ چارٹر آف اکانومی پر دستخط نہ ہونے کی صورت میں تمام 54 چیمبرز انتخابات کے بائیکاٹ کے مطالبے پر قائم رہیں۔

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ہی ملک کو معاشی مشکلات سے نکال سکتی ہے۔گورنر نے کہا کہ کے پی کے معدنی وسائل سے مالا مال ہے جو آئندہ سو سالوں میں بھی ختم نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کے پی کے کے معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کرے۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا اور اس سلسلے میں گورنر ہاؤس کے پی کے میں ایک سیمینار بھی منعقد کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے تجویز دی ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ایک میز پر بیٹھ کر ایک ہی دن الیکشن کرانے پر آمادہ کیا جائے، اس پر 200 ارب روپے کے بجائے صرف 50 ارب روپے خرچ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب بڑا بھائی ہے، پنجاب میں کوئی مسئلہ ہوا تو پورے ملک کی ریڑھ کی ہڈی ٹوٹ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ترکی نے بھی معاشی مشکلات سے نکل کر اقتصادی ترقی کے اہداف حاصل کئے ہیں۔

لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا کہ ہمارا ملک اس وقت شدید سیاسی عدم استحکام کا شکار ہے جس کا براہ راست اثر ہماری معیشت پر پڑ رہا ہے۔ ہمارے ملک کے حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ چارٹر آف اکانومی پر بغیر کسی تاخیر کے دستخط کیے جائیں اور جو بھی سیاسی جماعت برسراقتدار آئے وہ اس چارٹر پر مکمل عملدرآمد کرے۔

انہوں نے کہا کہ ہم مہنگائی کی شرح 27 فیصد کے متحمل نہیں ہو سکتے۔