کراچی: شہر قائد کے علاقے لسبیلہ پٹیل پاڑہ کے علاقے فٹ بال گراؤنڈ کے قریب مکان کی چھت گرنے کے واقعہ میں ایک شخص جاں بحق جبکہ لڑکی سمیت 5 زخمی ہوگئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اہل محلہ کی بڑی تعداد جمع ہوگئی جبکہ پولیس اور ریسکیو کے رضا کار بھی موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا گیا اور رات گئے تک امدادی کام جاری رہا۔
پٹیل پاڑہ میں واقع فٹ بال گراؤنڈ کے قریب گھر کی چھت گرنے سے متعدد افراد ملبے تلے دب گئے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مکینوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی جبکہ ایدھی اور چھیپا کے رضا کار بھی ایمبولینسوں کے ہمراہ پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں کا عمل شروع کر دیا اور سیڑھی لگانے کے بعد پہلی منزل پر جا کر سخت جدوجہد کے بعد ملبے تلے دب کر زخمی ہونے والوں کو نکال کر فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا۔
زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک تھی، وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جس کی شناخت 37 سالہ محمد امجد کے نام سے کی گئی جبکہ زخمی ہونے والوں کی شناخت 20 سالہ شمائلہ ، 60 سالہ حبیب ، 35 سالہ سلام ، 35 سالہ زاکر اور 32 سالہ کامران کے نام سے کی گئی جنھیں طبی امداد فراہم کی گئی۔
مکینوں نے بتایا کہ 40 گز کے پلاٹ پر گراؤنڈ پلس ون مکان کی پہلی منزل کی چھت پری کاسٹ سے بنی ہوئی تھی اور اس چھت کے اوپر مزید ایک کمرہ بنانے کی کوشش کی جا رہی تھی کہ پری کاسٹ کی چھت مزید بوجھ برداشت نہ کرتے ہوئے گر گئی۔
مکان کے گراؤنڈ فلور پر لکڑی کا کارخانہ ہے اور اس میں کام کرنے والے پہلی منزل پر بیٹھک بنائی ہوئی تھی جبکہ زخمی ہونے والی لڑکی برابر گھر کے باہر گلی کھڑی تھی اور وہ بھی ملبہ گرنے سے زخمی ہوگئی تھی۔
رات گئے موقع پر امدادی کارروائیاں جاری تھیں جبکہ جمشید کوارٹر پولیس نے مذکورہ علاقے کو اپنے گھیرے میں لیا ہوا تھا۔