Notice: Function _load_textdomain_just_in_time was called incorrectly. Translation loading for the insert-headers-and-footers domain was triggered too early. This is usually an indicator for some code in the plugin or theme running too early. Translations should be loaded at the init action or later. Please see Debugging in WordPress for more information. (This message was added in version 6.7.0.) in /home/zarayeco/public_html/wp-includes/functions.php on line 6170
پارکس پرقبضہ کرکے نرسریاں قائم کرنے والی مافیا کے خلاف آپریشن کا فیصلہ | زرائع نیوز

پارکس پرقبضہ کرکے نرسریاں قائم کرنے والی مافیا کے خلاف آپریشن کا فیصلہ

کراچی: ادارہ ترقیات کراچی نے لینڈ مافیا کے ساتھ ساتھ سروس روڈز، فٹ پاتھ،پارکس اور گراﺅنڈز پر قبضہ کرکے نرسریاں قائم کرنے والی مافیا کیخلاف بھی بڑے آپریشن کا فیصلہ کرلیا۔

ڈائریکٹر جنرل کی ہدایت پرمحکمہ پارکس اور محکمہ اسپورٹس اینڈ ریکریشن نے مشترکہ آپریشن کی تیاریاں کرلیں،نادہندہ نرسری مالکان سے بھی اراضی خالی کرانے کا فیصلہ ،گلستان جوہر اسکیم36 ،اسکیم33،گلشن اقبال سمیت مختلف علاقوں میں قائم نرسری مالکان کے ڈی اے کے کروڑوں کے نادہندہ نکلے،کے ڈی اے کی جانب سے آپریشن کی تیاریوں پر قبضہ مافیا اور نادہندہ نرسری مالکان میں زبردست کھلبلی مچ گئی۔

ادارہ ترقیات کراچی نے اربوں مالیت کے پلاٹوں پر قائم لینڈ مافیا کے قبضوں کے ساتھ ساتھ فٹ پاتھوں،سروس روڈز،کھیل کود کے میدانوں اور پارکس کی اراضی پر قبضہ کرکے نرسریاں قائم کرنے والی مافیا کیخلاف بھی پوری طاقت سے کارروائی کا اعلان کردیا ہے اس سلسلے میں انکشاف ہوا ہے کہ گلستان جوہر،اسکیم33 اور گلشن اقبال سمیت دیگر اراضی پر قائم نرسری مالکان کے ڈی اے کے کروڑوں کے نادہندہ ہیں ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نادہندہ نرسری مالکان کو فائنل نوٹس جاری کیا جارہا ہے اور فوری ادائیگی نہ کئے جانے کی صورت میں نادہندہ تمام نرسری کی اراضیوں کو خالی کرایا جائے گا ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ کے عملے کے ساتھ ساتھ محکمہ پارکس اور محکمہ اسپورٹس اینڈ ریکریشن کا عملہ بھی آپریشن میں حصہ لے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کے ڈی اے سے منظوری لئے بغیر درجنوں نرسریاں پارکس ،گراﺅنڈ سمیت سروس روڈز پر قائم کرلی گئی ہیں جن کو بعض طاقتور افراد اور لینڈ مافیا کی سرپرستی حاصل ہے،ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے محمد علی شاہ نے تمام فٹ پاتھوں ،سروس روڈز سے غیر قانونی نرسریوں کا فوری قبضہ خالی کرانے کی ہدایت کردی ہے اور یہ آپریشن رمضان المبارک سے قبل شروع ہونے کا امکان ہے۔

دوسری طرف ادارہ ترقیات کراچی کے ممبر فنانس کاشف خان نے کے ڈی اے کے تمام محکموں کو ریکوری ٹارگٹ پورا کرنے کا ٹاسک دیدیا ہے اور اس سلسلے میں دوروز قبل ہونے والے اجلاس میں اہم فیصلے کئے جاچکے ہیں جس کے بعد ڈائریکٹر پارکس حاجی شکیل خان اور ڈائریکٹر اسپورٹس محمد جمیل نے اپنے اپنے محکموں کے عملے کو پارکس اور پلے گراﺅنڈ ز سمیت گرین بیلٹس،فٹ پاتھ اور سروس روڈز پر قبضہ کرکے قائم کی گئیں نرسریوں ودیگر تجاوزات اور قبضوں کی فہرست تیار کرنے کی ہدایت کردی ہے اور اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈائریکٹر پارکس محمد عارف کومذکورہ آپریشن کا فوکل پرسن بنایا گیا ہے۔