کراچی : اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کے عملے نے کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر سے 3 ماہ قبل اغواء کیے گئے نوجوان کو کشمور کے کچے کے علاقے میں آپریشن کے دوران بازیاب کرا لیا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس اے وی سی سی عبدالرحیم شیرازی کے مطابق کشمور کے کچے کے علاقے میں آپریشن کے دوران اسپیشلائز ٹیم نے لوکل پولیس کے ہمراہ کارروائی کی ۔
مغوی ذاکر اللّٰہ کو گلستانِ جوہر سے 15 دسمبر کو اغواء کیا گیا تھا جس کے لیے غوث پور کرم پور بیگھاری اور کشمور سے تاوان کے لیے فون کالز کی گئیں۔
عبدالرحیم شیرازی کے مطابق اے وی سی سی نے کچے کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں اورمغوی کو غوث پور میں آپریشن کرتے ہوئے بازیاب کرا لیا گیا۔اغواء کاروں نے ذاکر اللّٰہ کو بھاری تاوان کے لیے اغوا کرکے کچے کے علاقے میں چھپا رکھا تھا۔
کارروائی کے دوران ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، مغوی کو بحفاظت کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔
