کراچی : وزیر اطلاعات سندھ اور پیپلز پارٹی کے ترجمان شرجیل میمن نے کہا ہے کہ پچھلے کچھ دنوں سے پاکستان میں وہ کچھ ہورہا ہے جو ماضی میں نہیں ہوا۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ عدالت کے احکام کی دھجیاں اڑائی گئیں مگر افسوس کی بات ہے کہ اس شخص کو ضمانت مل گئی۔
شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان نے اپنے ہاتھوں سے ڈرامے کرائے، یہ غنڈہ گردی کے ذریعے حکومت میں آنا چاہتے ہیں، یہ سمجھتے ہیں کسی بھی موقع پر عدالت انہیں نہیں بلاسکتی۔پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ عمران خان خود کو آئین سے بالاتر سمجھتے ہیں، ماضی میں بڑے لیڈران نے عدالتوں کا سامنا کیا۔
انہوں نے کہا کہ 50 سے زائد پولیس والوں کو زخمی کیا لیکن عدالت سے ضمانت مل گئی، صدر کہتا ہے کہ عمران خان کے خلاف سازش ہے، کون سے ملک میں ایسا ہوتا ہے، کون کر رہا ہے سازش، عدالت سازش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر عارف علوی کا بیٹا سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف سازش چلا رہا ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی سمجھتی ہے کہ ہمارے لیے 2 مقدمات اہم ہیں، پہلا مقدمہ ذوالفقار بھٹو کا جو عدالتی قتل کیا گیا، 10سال سے اوپر ہوگئے لیکن ذوالفقار بھٹو کے ریفرنس کو نہیں سناجارہا۔