کراچی : کراچی کے مختلف علاقوں میں آندھی و تیز ہواؤں کے ساتھ کہیں شدید، کہیں ہلکی بارش اور کہیں بوندا باندی جاری ہے۔
نیو کراچی، نارتھ کراچی، ناگن چورنگی، شادمان ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد، گلشنِ اقبال، گلستانِ جوہر، اورنگی ٹاؤن، فیڈرل بی ایریا، واٹر پمپ، عائشہ منزل، لانڈھی، کورنگی، لیاری، شارعِ فیصل، ملیر ہالٹ، ایئر پورٹ سمیت شہر بھر میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ کہیں ابرِ رحمت تیز تو کہیں آہستہ برسے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند گھنٹوں کے دوران کراچی، ٹھٹھہ، بدین، حیدر آباد میں گرج چمک کے ساتھ کہیں معتدل اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔بارش برسانے والا سسٹم کل تک کراچی پر اثر انداز رہنے کا امکان ہے۔
ادھربلو چستان کے علاقوں تربت، کیچ، مند، آواران، گوادر سمیت ساحلی بلوچستان میں طوفانی بارش اور ژالہ باری ہوئی ہے۔
آوران میں ژالہ باری سے کئی افراد زخمی ہو گئے، اولے پڑنے سے باغات اور فصلوں کو نقصان پہنچا۔بارکھان، رکھنی اور چھپر میں بھی شدید ژالہ باری ہوئی۔
توبہ اچکزئی میں موسلا دھار بارش سے موسم سرد ہو گیا۔پی ڈی ایم اے نے بلوچستان بھر میں طاقت ور سسٹم کے داخل ہونے کا الرٹ جاری کر دیا
