کراچی میں 3 روز کے دوران تیز دھوپ اور موسم گرم رہنے کی توقع

کراچی: شہر قائد میں حدت معمول سے بڑھ گئی اور اگلے تین روز کے دوران تیز دھوپ رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ دو روز سے جاری معمول سے تیز ہواں کی رفتار بھی کم رہی اور شہرکا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت گذشتہ روزکے مقابلے میں ایک ڈگری اضافے سے 32.1 ڈگری جبکہ ہوا میں نمی کاتناسب 50 فیصد رہا۔
ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق اگلے 3 روزکے دوران شہر میں تیزدھوپ رہنےکا امکان ہےاور آج شہر میں دوپہر کے وقت بلوچستان کی شمال مغربی سمت کی ہوائیں چل سکتی ہیں جس سے حدت محسوس کی جاسکتی ہے تاہم شام کے وقت سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں چلیں گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 سے 32 جبکہ جمعرات کو 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوسکتا ہے، صوبے کے اکثرعلاقوں میں موسم خشک رہنے جبکہ جیکب آباد، قمبرشہدادکوٹ، کشمور، شکارپور، سکھراورخیرپورمیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔