لاہور، اسلام آباد:عید کے اس پُرمسرت موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو عیدالفطر کی مبارک دی۔
اورکہا ہے کہ دعاگو ہوں عید ہمارے لئے امن و سلامتی اور خوشیوں کے ایام لائے۔
رمضان المبارک ہمارے اندر تقویٰ، پرہیزگاری اور دوسروں کی تکلیف کا احساس پیدا کرتا ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک کو مشکل سیاسی اور اقتصادی حالات کا سامنا ہے، ہم سب اپنے ملک کیلئے درد محسوس کر رہے ہیں ۔
قوم کی توجہ معاف کرنے، رحم فرمانے والے رب کی طرف دلانا چاہتا ہوں، اللہ تعالیٰ ہمیں معاف کرنے، درگزر کرنے کا حکم دیتا ہے، آج ہم لوگوں کو معاف کرنے کو تیار نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ قرآن میں فرماتا ہے وہ نیکی اور احسان کرنے والوں سے محبت فرماتا ہے، قرآن پاک ہمیشہ کیلئے ہے اور اس کے احکامات آج کے پاکستان کیلئے باموقع ہیں۔
حضورﷺ نے بھی ہمیں دوسروں پر رحم کرنے اور معاف کرنے کی تلقین کی، درگزر کرنے اور اللہ کے راستے اور سنت رسولﷺ پر چلنے کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ قوم گروہی، مذہبی اور سیاسی اختلافات کو نفرت انگیزی کا ذریعہ نہ بننے دیں، ملک کو سیاسی و معاشی استحکام کی جانب لے جانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔
اللہ تعالیٰ پاکستان کو ترقی، خوشحالی، امن اور استحکام عطا فرمائے۔
میری دعا ہے کہ یہ مبارک گھڑی ہم سب کی زندگی میں ڈھیروں مسرتیں اور خوشیاں لے کر آئے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اپنے اردگرد ضرورت مندوں، محتاجوں، یتیموں اور ناداروں کے ساتھ صلہ رحمی کا مظاہرہ کریں۔
ان سب کو عید کی خوشیوں میں شریک کریں جو مشکلات کے جبر کا شکار ہیں۔
