سندھ : زراعت کے فروغ کیلئے 33 ارب 23 کروڑکے منصوبے تیار

کراچی : سندھ حکومت نے زراعت کے فروغ کیلئے 33 ارب 23 کروڑ روپے کے منصوبے تیار کرلئے، منظوری کیلئے معاملہ پی ایس ڈی پی کو ارسال کردیا گیا،پانی کے ضیاع کو روکنے کیلئے واٹر کورس پکے کرنے،سولرسسٹم پر پانی ذخیرہ کرنے اوربارانی علاقوں میں پانی کی رسائی کے مختلف منصوبے بنائے گئے ہیں اوراس سلسلے میں پی سی ون تیار کرلیا گیا ہے۔

13 ارب روپے کی لاگت سے واٹرکورس پکے کرنیکا منصوبہ تیارکیا گیا ہے،5 ارب روپے کی لاگت سے سولر سسٹم کے ذریعے پانی جمع کرنے کا منصوبہ بنایا جائیگا،سولرسسٹم مشینوں کے ذریعے پانی جمع کرنے کیلئے کنویں بنائے جائیں گے۔

اسکے علاوہ بارانی علاقوں میں پانی کی رسائی کیلئے 8 ارب روپے کے منصوبے شروع کئے جائیںگے جبکہ ماحولیاتی بہتری کیلئے 6 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے۔

منصوبوں کے سلسلے میں محکمہ زراعت نے پی سی ون تیار کرلیا ہے اور حتمی منظوری کیلئے معاملہ پی ایس ڈی پی کو ارسال کردیا گیا ہے،محکمہ زراعت کا کہنا ہے کہ منصوبے مکمل ہونے سے زراعت کے ہدف میں اضافہ ہوگا اورکاشتکاربھی خوشحال ہوں گے۔