جیکب آباد،جعفر آباد : جیکب آباد میں مغوی مل مالک کے بیٹے کی بازیابی کے لئے بلوچستان پولیس کی کارروائی ،ڈاکوئوں کی فائرنگ سے بلوچستان پولیس کے ایک سب انسپکٹر سمیت 6اہلکا ر شہید،دوزخمی ہوگئے ۔
جیکب آباد کے مولاداد تھانے کی حدود میں واقع جاگیر کے علاقے میں بلوچستان کے علاقے اوستہ محمد کے مل اونر ایسوسی ایشن کے صدر اسلم سومرو کے بیٹے فرقان سومرو کی بازیابی کے لئے جعفرآباد پولیس نے کارروائی کی اس دوران پولیس اور ڈاکوئوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں بلوچستان پولیس کے سب انسپکٹر طیب حسین عمرانی ،اہلکار خادم شاہ ،ریاض شاہ ،عبدالوہاب پیچوہو ،نثار احمد اور محمد عثما ن شہید ہو گئے جبکہ دو اہلکار الطاف حسین اور حسن علی شدید زخمی ہو گئے،شہداء کا تعلق سبی سے بتایا جاتا ہے۔
شہدا ء کی لاشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال جیکب آباد لایا گیا جس کے بعد شہداء کی لاشیں آبائی علاقے لے جائی گئیں جبکہ زخمی اہلکاروں کو تشویشناک حالت میں لاڑکانہ منتقل کیا گیا۔
مقابلے کے دوران ڈاکو مغوی کو لے کر فرار ہو گئے۔ جعفرآباد کے ایس ایس پی سمیر نور چنہ نے بتایا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران پولیس کی مزید نفری طلب کی گئی، جس کے بعد سندھ بلوچستان کے سرحدی علاقے مولا داد پر سکیو رٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا ہے کہ مفرور ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے پورے علاقے کی ناکہ بندی کر کے تلاش جاری ہے۔