کراچی : وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کو مردم شماری پر تحفظات ہیں، ڈیجیٹل مردم شماری لوگوں کو قبول نہیں ہے۔
حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ ڈیجیٹل مردم شماری پر تمام جماعتیں خوش تھیں لیکن طریقہ کار غلط تھا، میں نے خود وفاق کو گیارہ خطوط لکھے جس میں بتایا کہ لوگوں کو یہ ڈیجیٹل مردم شماری قبول نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو مردم شماری پر 2017 سے تحفظات ہیں اور ان کا حل کرنا بہت ضروری ہے۔
علاوہ ازیں انہوں نے حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان جاری بات چیت پر کوئی بھی تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں انتخابات اپنے وقت پر ہونے چاہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر کیا جائے۔ اس وقت پنجاب اور سندھ میں ڈاکوؤں کے خلاف سنجیدہ ایکشن لیا جا رہا ہے ۔ اعداد شمار کا جائزہ لیں گے تو پتہ چل جائے گا کہ اس وقت امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔
مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ ایڈیشنل آئی جی نے شکوہ کیا ہے کہ کرائم کو دس بار دکھایا جاتا ہے مگر پولیس کارروائی کو نہیں دکھایا جاتا۔