روس ،یوکرین تنازع پر پاکستان غیر جانبدار،کسی فریق کو اسلحہ فراہم نہیں کیا:دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان تنازع پر پاکستان غیر جانبدار پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے، ہم نے اس دوران کسی فریق کو اسلحہ فراہم نہیں کیا، اس تنازع سے قبل یوکرین سےقریبی دفاعی تعلقات رہے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعہ کو پریس بریفنگ میں اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بھارتی قابض حکام نے کشمیریوں کو مسلسل چوتھے سال سری نگر کی تاریخی جامع مسجد میں نماز عید کی اجتماعی شرکت سے روک دیا، قبل ازیں قابض حکام نے رمضان کے مقدس مہینے میں بھی مذہبی آزادی پر پابندیاں عائد کی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کلبھوشن کی گرفتاری بھارت کی پاکستان میں دہشتگردی کا ثبوت ہے لہٰذا بھارتی وزیر خارجہ کے حالیہ ریمارکس غیر ضروری اور بے بنیاد ہیں، ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کیلئے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔

ترجمان نے کہا کہ گزشتہ ہفتے نام نہاد محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران 40 افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔ پاکستان مقبوضہ علاقہ میں انسانی حقوق کی ان سنگین اور منظم خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھاتا رہے گا اور وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کیلئے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان دہشتگردی سے متاثرہ ملک رہا ہے، ہمارے پاس بھارت کی طرف سے پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہونےکے ثبوت ہیں، ہم یقین رکھتے ہیں کہ بھارتی وزیرخارجہ کے ریمارکس غیرضروری اور بے بنیاد ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کلبھوشن یادیو پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث پایاگیا اور گرفتار ہوا، اس کی گرفتاری پاکستان میں بھارت کی دہشتگردی کا ثبوت ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو ایس سی او کانفرنس میں شرکت کیلئے بھارت جارہے ہیں، وزیر خارجہ کا دورہ بھارت ایس سی او سے ہماری کمٹمنٹ کا اظہار ہے، وزیر خارجہ کےدورے کے دوران کسی قسم کی آوازوں کو نظرانداز کیاجانا چاہیے جبکہ وزیرخارجہ کا دورہ دوطرفہ نہیں ہے لہٰذا امید ہےکشمیری بہن بھائی اس معاملےکو سمجھیں گے، منفی بیانات سےکچھ نہیں نکلے گا، ایسے رویے سےہماری ہمت نہیں ٹوٹےگی۔

ترجمان دفترخارجہ نے بتایا جمعہ صبح 149 پاکستانیوں کو سوڈان سے لے کر طیارہ اسلام آباد پہنچا، دو مزید طیارے 200 پاکستانیوں کو لے کر سوڈان سےپہنچیں گے۔ ترجمان نے بتایا وزیراعظم محمد شہباز شریف برطانیہ کے بادشاہ چارلس III اور ملکہ کنسورٹ کیمیلا کی تاجپوشی کی تقریب میں شرکت کیلئے مئی کے پہلے ہفتے میں برطانیہ کا دورہ کریں گے، وزیر اعظم 6 مئی کو برطانوی شاہ کی تاجپوشی کی تقریب میں شریک ہوں گے۔

وزیراعظم 5 مئی کو لندن میں دولت مشترکہ کے رہنمائوں کیلئےمنعقدہ تقریب میں شرکت کریں گے۔ترجمان نے کہا کہ توقع ہے کہ وزیراعظم ان تقریبات میں شریک رہنمائوں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

انہوں نے کہا ہم برطانوی بادشاہ اور شاہی خاندان کو پاکستان اور اس کے عوام کے دوست کے طور پر دیکھتے ہیں اور پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے منتظر ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: