راجن پور، جام پور، کرم پور: 23 روز سے کچہ کے علاقہ میں آپریشن جاری رہنے کے باوجود اغوا کی وارداتوں پر قابو نہ پایا جا سکا۔ کرم پور کے رہائشی کو صادق آباد کے کچے کے ڈاکوؤں نے اغواء کر لیا اور 50 لاکھ روپے تاوان مانگ لیا۔
بتایا گیا ہے کہ کرم پور کے نواحی بستی جھنڈیر کالونی کے رہائشی اﷲ رکھا نے تھانہ کرم پور میں درخواست دیتے ہوئے اپنا موقف اپنایا کہ میرا بیٹا محمد عمران لاہور میں محنت مزدوری کرتاہے۔ وہ عید کیلئے گھر آیا ہوا تھا کہ 24 اپریل کو صبح سات بجے میرے بیٹے محمد عمران کے موبائل پر نامعلوم نمبر سے کال آئی جس کا ہمیں کوئی علم نہ ہے۔ میرے بیٹے محمد عمران نے کال سنی اور گھر سے باہر نکل گیا۔ دو گھنٹے تک گھر واپس نہ آیا تو ہم نے تلاش کرنا شروع کردیا۔ جب بیٹے کا نمبر ملایا تو نمبر بند تھا 26اپریل کو بوقت 11بجے دن کے قریب میرے بیٹے کے موبائل سے گھر کے نمبر پر کال آئی کہ ہم صادق آباد کے علاقے کچے سے بول رہے ہیں۔ ہم نے عمرا ن کو اغواء کر لیا ہے۔ آپ50لاکھ کا انتظام کریں اور ہمیں 50لاکھ پہنچائیں۔
دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد خطرناک کچہ کریمنل فاروق عمرانی اپنی کمین گاہ چھوڑ کر فرار ہو گیا ہے۔
چک بیلے شاہ، چک عمرانی، چک کپڑا میں پولیس کو اہم کامیابیاں ملی ہیں اورکچہ کریمنلز کی حرکات و سکنات اور واپسی کے رستے مسدود کرتے ہوئے آپریشنل حکمت عملی کے تحت پیش قدمی اور ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے اور اب تک ڈاکووں کے خلاف آپریشن میں 18 ڈاکو سہولت کار گرفتار، 8 ڈاکو زخمی اور 23 ہزار ایکڑ رقبہ واگزار کرایا گیا ہے ۔
پولیس ترجمان نے صحافیوں کو بتایا کہ کچے میں پولیس کا ڈاکووں کے خلاف آپریشن 23 ویں روز بھی جاری ہے۔ تازہ دم پولیس دستوں کی خطرناک اور دشوار گزار علاقہ کچہ میانوالی ٹو میں پیش قدمی اور ڈاکووں سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔