اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے تمام وزارتوں اور ڈویژنوں کو جولائی 2023ء میں ہونے والی آئندہ مشترکہ رابطہ کمیٹی کےاجلاس کے لئے ترقیاتی منصوبوں کی تجاویز کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی ہے۔
وفاقی وزیر نے یہ ہدایات سی پیک منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔
اجلاس میں مختلف وزارتوں اور ڈویژنوں کے نمائندوں، چین میں پاکستانی سفارتخانے کے حکام، پاکستان میں چینی سفارتخانے کے حکام اور دیگر سٹیک ہولڈرز نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر کو سی پیک منصوبوں کی پیشرفت کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ واضح رہے پاکستان اور چین کے درمیان سی پیک کا معاہدہ 5 جولائی 2013ء کو مسلم لیگ (ن) کے دور میں ہوا تھا اور اس سال جولائی میں دس سال مکمل ہو جائیں گے ، احسن اقبال نے وزارتوں کو آئندہ جے سی سی اجلاس کیلئے ٹھوس ایجنڈے کے ساتھ تجاویز کو حتمی شکل دینے کی ہدایت بھی کی جس میں سی پیک کے 10 سالہ جشن کی تقریبات بھی منائیں جائیں گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کہ اس سلسلے میں چینی حکام کو پاکستان آنے کی دعوت بھی دی جائے گی۔۔وفاقی وزیر نے متعلقہ وزارت کو سپیشل اکنامک زونز پر کام تیز کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ کم لاگت کی پیداوار کے ساتھ چینی صنعت کی پاکستان منتقلی کا ایک حصہ حاصل کیا جا سکے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک میں وسائل کی متوازی تقسیم کو یقینی بنانا ترجیح ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کو اپنی زیر صدارت پسماندہ اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں پر اجلاس میں کیا۔