کراچی:کراچی ایک ساحلی شہرہے اورماہرین کا کہنا ہے کہ اگرموسمیاتی تبدیلیوں کے تدارک کیلئے کوئی تدابیرنہ کی گئیں تو یہ شہر 2060 تک ڈوب سکتا ہے۔
کراچی سے تعلق رکھنے والی عالمی اعزازیافتہ آرکٹیکچرل ڈیزائنر جنہوں نے امریکا میں ینگ کلائمیٹ ویژنری ایوارڈ جیتا ہے وہ شہری نقشہ سازی اورمنصوبہ بندی کی ماہرہیں اورانہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں کو مدنظررکھتے ہوئے کراچی کی میپنگ بھی کی،نمرہ جو کراچی میں موسمیاتی شدت،اربن فلڈنگ،ہیٹ ویوز اورآلودگی سے نمٹنے کی منصوبہ بندی میں کردارادا کررہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ یہ بات کی جاتی ہے کہ پاکستان اورکراچی میں موسمیاتی تبدیلیاں آنے والی ہیں جو غلط ہے،موسمیاتی تبدیلیاں آنیوالی نہیں بلکہ آچکی ہیں،حالیہ سیلاب اسکا واضح ثبوت ہے کہ ایک تہائی ملک پانی میں ڈوب گیا،بارشوں سے کراچی میں اربن فلڈنگ معمول ہوچکی ہے،جو چیزسب سے زیادہ خطرناک ہے وہ یہ ہے کہ اگرموسمیاتی تبدیلی کی یہی صورتحال رہی تو 2060 تک کراچی ڈوب سکتا ہے۔
ان کاکہناتھاکہ کراچی جو پہلے ہی سطح سمندرسے نیچے ہے،سمندرکی سطح تو بڑھ رہی ہے لیکن اربن فلڈنگ کیساتھ کراچی کی زمین بھی پانی برد ہوتی جارہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ یہ صورتحال الارمنگ ہے اگرتوجہ نہ دی تو مزید تیزی سے تباہی ہوگی،ہم نے جس تیزی سے اپنے مینگروزکے جنگلات تباہ کئے اگرسونامی آیا تو بڑی تباہی ہوسکتی ہے۔