اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی ( نادرا ) نے ورچوئل ریمٹنس گیٹ وے ( وی آر جی ) کے ساتھ اشتراک عمل کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت ایک بلنگ سوئچ متعارف کرایا جائے گا۔
این آئی ایس پے منٹ کلیکشن سروسز اور امریکی ڈالر میں رقوم کی وصولی کی سہولت کا اجراءکیا جائے گا اور نادرا ای سہولت مراکز کے ذریعے آسان موبائل اکائونٹ کے حامل 7.7 ملین سے زائد افراد کو یہ سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین نادرا طارق ملک نے دونوں اداروں کے درمیان اشتراک عمل کو ملک میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام میں بہتری کا منفرد موقع قرار دیا ۔
انہوں نے کہا کہ یہ پارٹنرشپ آسان موبائل اکائونٹ صارفین کو ادائیگی کی انتہائی مستعد سہولیات کی فراہمی کی جانب ایک بڑا قدم ثابت ہو گی جس کی بدولت وہ کسی پریشانی کے بغیر یوٹیلیٹی بلوں، این آئی ایس فیسوں اور این آئی ایم ایس سرٹیفکیٹ کی ادائیگی کر سکتے ہیں اور رقوم کا لین دین کر سکتے ہیں ۔
ورچوئل ریمیٹنس گیٹ وے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان علی نے کہا کہ مالی خدمات کے شعبے میں آنے والا دور ڈیجیٹل سہولیات کا دور ہے اور ان کا دائرہ وسیع کرنے سے کروڑوں پاکستانیوں کے لئے لاتعداد نئی راہیں کھلیں گی ۔