کچہ آپریشن : اسلحہ نیٹ ورک کا اہم رکن گرفتار، بارود برآمد

لاہور، راجن پور: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ سی ٹی ڈی پنجاب نے کچہ کے علاقہ میں جاری آپریشن کے دوران جرائم پیشہ عناصر کو اسلحہ فراہم کرنے والے نیٹ ورک کے اہم رکن کو گرفتار کر لیا ہے ۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق خفیہ اطلاعات پر سی ٹی ڈی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے کچہ کے علاقے میں 2 بڑے متحرک کریمنل گینگز لنڈ اور دولانی کو اسلحہ سپلائی کرنے والا کرئیر گرفتار کرلیا۔

گرفتار ملزم عبدالخالق سیکنڈ کیرئیر کے طور پرکام کر رہا تھا اورجدید اسلحہ اور بارود کی فراہمی رکنی بلوچستان سے کی جارہی ہے۔انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی میں بارود اور دو راکٹ لانچر بھی برآمد کیے گئے ۔ دوران تفتیش اسلحہ اور گولہ بارود کی سپلائی کے حوالے سے ملزم نے لرزہ خیز انکشافات بھی کئے ہیں۔

ترجمان نے مزید کہاکہ اسلحہ و بارود لینے کے لیے لنڈ اور دولانی گینگز نے شرپسند رمضان بگٹی اور ستار پتافی کو بھرتی کیا۔ ستار پتافی کے بھائی جاوید پتافی نے بلوچستان کے بڑے اسمگلر خان مسوری بگٹی سے ڈیل کرائی اورخان مسوری بگٹی سے راکٹ لانچرز اور پروپیلرز خریدے گئے۔

ترجمان نے کہاکہ اسلحہ و بارود کی رقم ایزی پیسہ اکاؤنٹس سے منتقل کی گئی۔ دریں اثنا کچے میں پولیس کا ڈاکووں کے خلاف آپریشن 30 ویں روز بھی جاری رہا۔

دشوار گزار علاقہ میں پولیس کو اہم کامیابی حاصل ہوئی اور خوف کی علامت سمجھے جانے والا علاقہ چک عمرانی میں معمولات زندگی بحال ہوگئے۔ پولیس کی جانب سے عطاء اللہ پٹ اور اسکے حواریوں کے واپسی کے تمام راستے بند کردئیے گئے۔

بہترین حکمت عملی اور پلاننگ کرلی گئی ۔ آخری دہشت گرد اور ڈاکو کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ پولیس دستوں کا چک عمرانی میں سرچ آپریشن جاری ہے، کلیئر کرائے گئے علاقے میں 3 مزید پولیس پکٹس قائم کردی گئی ہیں ۔ کچہ کا 24 ہزار ایکٹر رقبہ جرائم پیشہ عناصر اور دہشت گردوں سے کلیئر کرا کر ریاست و حکومت کی رٹ قائم کر دی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: