تفصیلات کے مطابق شادمان ٹاون نارتھ ناظم آباد یوسی نمبر 2 میں واٹر بورڈ نے حال ہی میں ایک نئی پانی کی لائن ڈالنے کا کام شروع کیا, یہ لائن شادمان مسجد کے پاس سے میومنزل والی گلی سے ڈالی جارہی ہے۔
اس حوالے سے علاقہ کے لوگوں کو یہ بتایا گیا ہے کہ اس لائن سے صائمہ فلیٹ کے سامنے موجود 13 گھروں کو پانی فراہم کیا جائے گا جبکہ ابھی کچھ دن پہلے ہی یوسی نمبر 2 کے کونسلر جماعت اسلامی منیب وسیم نے ان 13 گھروں کے پانی کے مسئلہ کو حل کروایا تھا۔
گھر والوں سے بات کرنے پر پتہ چلا کہ پانی کا مسئلہ واقعی حل ہوچکا ہے، یہ کام واٹر بورڈ لائن مین خلیل کی مدد سے کیا گیا، جب لائن کی کھدائی کی گئی تو پتہ چلا کہ اس میں سمنٹ ڈال کر اس کو بند کیا گیا تھا، جس کو دور کرنے کے بعد ان 13 گھروں میں پانی آنے لگا ہے.
واٹر بورڈ نارتھ نظم آباد ایک طرف شادمان ٹاون میں پانی کی لائن پر موجود لیکیج نہیں بنوا رہا جس کی وجہ سے جب پانی آتا ہے تو سڑکوں پر بہتا ہے اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کچھ گھروں میں لیکیج کی وجہ سے پانی پہنچ نہیں پاتا۔
متاثرہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ہمیں فل پریشر نہیں ملتا ہے، جس کی وجہ سے ہم ٹیکرز ڈلوانے پر مجبور ہیں۔ اس سلسلے میں جب یہ گھر والوں نے واٹر بورڈ سے بات کی تو انہوں نے کہا فنڈز کا بہانہ بنا دیا۔
اب واٹر بورڈ کی جانب سے شادمان ٹاؤن میں ایک نئی لائن ڈالی جارہی ہے، جس پر سوال یہ اٹھتا ہے کہ اگر فنڈز نہیں ہے تو پھر اس لائن کے پیسے کہاں سے آرہے ہیں اور یہ کام کس کی ایماں پر کیا جارہا ہے۔
مکینوں نے سوال اٹھایا ہے کہ جن گھر والوں کے نام پر یہ لائن ڈالی جارہی ہے انہیں تو پہلے ہی پانی مل چکا ہے، تو پھر آخر کیوں اور کس کے حکم پر یہ لائن ڈالی جارہی ہے،شادمان ٹاون میں کئی سالوں بعد سڑک کا کام ہوا اور اوسی گلی کو دوبارہ توڑنا کیا یہ ٹھیک ہوگا۔
اگر ان 13 گھروں کو یہ پانی دینا مقصود تھا تو کیا اچھا نہیں ہوتا کہ 12 انچ والی لائن سے 2 نالی پائپ کا استعمال کرتے ہوئے اسے لائن میں جوڑ دیا جاتا جو مدینہ فلیٹ کے پاس موجود ہے، ان 13 گھروں کے لئے نئی سڑک کو برباد کرنا اور 20 گھروں کے سامنے سے لائین لے کر جانا زیادہ خرچا کیوں کیا جارہا ہے؟
دوسری طرف یوسی آفس کے ساتھ موجود 2 گلیوں میں پانی آتا ہی نہیں ہے۔ یہاں کے رہائشیوں نے جب واٹر بورڈ سے رابطہ کیا تو انہیں فنڈز کا بہانہ بنا کر ٹرخا دیا گیا۔اُدھر الحمراہ فلیٹ، سنی فلیٹ اور ثنا فلیٹ میں بھی پانی کی شدید قلت ہے لیکن ان کو بھی واٹر بورڈ نے ناگن چورنگی والی لائن سے پانی نہیں دیا۔
ایسے میں تیرہ گھروں کے نام پر لائن بچھانے کے عمل پر سوالیہ نشان اٹھ رہے ہیں۔
ذرائع کو ملنے والی اطلاع کے مطابق شادمان ٹاؤن کے رہائشیوں نے واٹر بورڈ کے رویے اور اقربا پروری کیخلاف یونین کونسل اور ڈپٹی کمشنر وسطی طحہ سلیم کو شکایتی درخواست دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ علاقے کو فنڈز کا درست جگہ پر استعمال ہو اور پانی کی فراہمی بہتر ہوسکے۔