کراچی یونیورسٹی شعبہ اردو کا طالب علم رینجرز اور انتظامیہ کی کاوشوں سے بازیاب ہوگیا جبکہ واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
کراچی یونیورسٹی میں سادہ لباس مسلح افراد نے جمعے کے روز نماز سے پہلے شعبہ اردو کے طالب علم کو زبردستی حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تھا، جس کا الزام اسلامی جمیعت طلبہ نے رینجرز پر عائد کیا تھا۔
اسلامی جمیعت طلبا جامعہ کراچی کے ترجمان نے کہا تھا کہ کراچی یونیورسٹی کی حدود سے ان کے متعدد کارکنان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق کارکنان کو صرف اس بات پر اٹھایا گیا کہ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے ادارے کے افسر کے بچے سے سڑک کے درمیان میں کھڑی گاڑی ہٹانے کو کہا کیونکہ اس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
کراچی یونیورسٹی میں اسلامی جمیعت طلبا کے عہدیدار نے دعویٰ کیا تھا کہ سادہ لباس اہلکاروں نے اپنا تعلق رینجرز سے ظاہر کیا تھا۔
دوسری جانب کارکنان کی گرفتاریوں پر جمیعت اور طلبہ الائنس کے کارکنان نے سلور جوبلی گیٹ کے سامنے دھرنا دے کر یونیورسٹی روڈ کو بند کیا، بعد ازاں مذاکرات اور طالب علم کی بازیابی کے بعد مظاہرین پُرامن طور پر منتشر ہوگئے۔
حکام کے مطابق بازیاب ہونے والے کارکن کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے تاہم رینجرز اور انتظامیہ کی کاوشوں کی بدولت اُس کی بازیابی اور واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری عمل میں آئی۔
یونیورسٹی انتظامیہ اور رینجرز کی کاوشوں سے طالب علم بازیاب اور ملزمان گرفتار کرلیے گئے، طلبہ الائنس پیر کو یوم سیاہ اور امن واک کا انعقاد کرے گی، اسلامی جمیعت طلبہ#KU #ZarayeNews pic.twitter.com/wL9yBlIT4P
— ذرائع نیوز (@ZarayeNews) June 2, 2023
جامعہ میں پیش آنے والے واقعے پر طالب علموں اور طلبہ تنظیموں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی جس کے بعد ایک ہنگامی اجلاس ہوا جس میں تمام ہی جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی اور لائحہ عمل تیار کیا۔
اسلامی جمیعت طلبہ نے بروقت اقدامات پر رینجرز، سیکیورٹی اداروں اور جامعہ کراچی کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ گرفتار ملزمان جو نام استعمال کر کے گھناؤنا کام کررہے ہیں انہیں سخت سے سخت سزا دی جائے۔
ہمارے متعدد کارکنان کو اسلحے کے زور پر سادہ لباس اہلکار اغوا کر کے کے گئے ہیں، اسلامی جمیعت طالبہ#KU #ZarayeNews #IJT pic.twitter.com/28DhHL7FIs
— ذرائع نیوز (@ZarayeNews) June 2, 2023
طلبہ الائنس نے واقعے پر شدید احتجاج ریکارڈ کرانے کے لیے پیر کو جامعہ میں بھرپور طریقے سے یوم سیاہ منانے اور امن واک کے انعقاد کا اعلان کیا ہے اور تمام طالب علموں سے اپیل کی کہ وہ شرکت کو یقینی بنا کر اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں۔