لیاقت آباد میں مستحق افراد میں راشن کی تقسیم کا اعلان جھوٹ نکلا، راشن نہ دینے پر خواتین کا احتجاج کیا، سڑک پر دھرنا دے کر ٹریفک کی آمدورفت بند کردی۔
لیاقت آباد کے علاقے ڈاک خانے کے قریب فلاحی تنظیم کی جانب سے اتوار کی صبح راشن تقسیم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جس پر علاقے کی خواتین جمع ہوگئیں، خواتین شام تک راشن کا انتظار کرتی رہیں مگر راشن نہ ملا، جس پر خواتین نے ڈاکخانہ چوک پر احتجاج کیا جس کے باعث ٹریفک جام ہوگیا۔
مظاہرہ کرنے والی خواتین کا کہنا تھا کہ ہماری تذلیل کی گئی ہے، ہم صبح 9 بجے سے یہاں کھڑی ہیں شام ہوچکی ہے مگر ہمیں راشن نہیں دیا گیا۔
پولیس کے سینئر افسران نے موقع پر پہنچ کر مظاہرہ کرنے والی خواتین کو یقین دہانی کرائی جس فلاح تنظیم نے آپ کو بلاکر راشن تقسیم نہیں کیا اس کے خلاف قانون کارروائی کریں گے جس پر خواتین پرامن طورپر منتشر ہوگئیں بعدازاں پولیس نے سڑک پر ٹریفک بحال کرادی۔