ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ آئندہ سندھ میں ایم کیو ایم اور جی ڈی اے مل کر حکومت بنائے گی۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادرآباد پرگرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے وفد نے ڈاکٹر صفدر عباسی کی سربراہی میں ایم کیو ایم کی قیادت سے ملاقات کی۔
جی ڈی اے کے وفد میں سردار عبد رحیم، عرفان اللہ مروت اور حسنین مرزا، نند کمار شامل جبکہ ایم کیوایم کی جانب سے ڈپٹی کنوینر خواجہ اظہار الحسن،رابطہ کمیٹی کے اراکین جاوید حنیف، شکیل احمد و دیگرموجود تھے۔
اس مو قع پر سینئر ڈپٹی کنونیر مصطفی کمال نے جی ڈی اے وفد کے ہمراہ میڈیا نمائندگان سے گفتگوکر تے ہوئے کہاکہ ہم جی ڈی اے کے وفد کوایم کیو ایم کے مرکز آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں، ہمارے رابطے مسلسل رہے ہیں، اپوزیشن لیڈر بھی دونوں پارٹیوں کی مشترکہ مفاہمت سے لائے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اگر صحیح معنوں میں حقیقی جمہوریت نہیں لائے تو سندھ سمیت پاکستان ترقی نہیں کرسکے گا، پیپلز پارٹی کی متعصب حکومت نے سندھ کے نظام کا بیٹراغرق کردیا ہے۔
مصطفی کمال نے کہا کہ آئندہ سندھ میں ایم کیو ایم اور جی ڈی اے مل کر حکومت بنائے گی اور سندھ پر عرصہ دراز سے قابض لٹیروں کے خاتمے کو ممکن بنا کر غریب عوام کوہر ممکنہ سہولیات فراہم کی جا ئیں گی۔
سید مصطفی کمال کا مزید کہنا تھا کہ نگراں حکومت کو چاہیے کہ وہ غیر جانبدار کردار ادا کرتے ہوئے کسی بھی جماعت کی حمایت نہ کرے، آرمی چیف کے دورہ کراچی میں تاجر برادری کے مسائل میں دلچسپی لینے اور ان کے حل کی یقین دہانی کو بھی خوش آئند قرار دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم عوامی تحریک ہے اورجمہوری طریقے سے انتخابات وقت پر چاہتی ہے لیکن انتخابات کا انعقاد آئینی،قانونی اور صاف شفاف طریقے سے چاہتی ہے۔
جی ڈی اے کے ڈاکٹر صفدر عباسی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں اس وقت لاء اینڈ آرڈر کی مخدوش صورتحال ہے، پاکستان کے اندر صاف و شفاف الیکشن کا انعقاد ہونا چاہیے ہے لیکن جب تک منصفانہ انتخابات منعقد نہیں ہوتے تب تک انتخابات کروانا بے معنی ہوگا۔
مردم شماری میں کراچی کی آبادی میں ہونے والے درست اضافے کے عمل کو خوش آئند قرار دیتے ہیں، شفاف حلقہ بندیوں کا عمل میں لانا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکوؤں کو سندھ میں عوام کو نوچنے کیلیے بے لگام چھوڑ دیا ہے جب مرضی چاہے کسی کو بھی اٹھا کر لے جاتے ہیں، عصمتیں پامال کردی جاتی ہیں، تاوان نہ دینے والوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا جاتا ہے عوام کا کوئی پر سان حال نہیں ہے۔
صفدر عباسی نے مزید کہا کہہ ہمیں آئی ایم ایف کے قرضوں سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلیے ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے اور آئندہ کیلئے ایسا لائحہ عمل بنانے کی ضرورت ہے جس سے عوام کو مہنگائی سے نجات مل سکے۔
